ایم کیو ایم کراچی کے عوام کی محرومیوں پر مگرمچھ کے آنسو بہاکر حکومت سے اپنے لئے صرف مراعات لئے ہیں ،خرم شیر زمان

بدھ 23 نومبر 2016 19:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے سینئر نائب صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں میں کراچی کے نوجوانوں کو نظرانداز کرنے کے متعلق سندھ اسمبلی میں قرارداد کی مخالفت کرکے ایم کیو ایم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کراچی کے عوام کی محرومیوں پر مگرمچھ کے آنسو بہاکر حکومت سے اپنے لئے صرف مراعات لئے ہیں ۔

کراچی کے عوام نے دیکھ لیا ہے کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری نوکریوں میں کراچی والو ں کے کوٹے سے متعلق تحریک التوا کو خلاف ضابطہ قرار دے کر مسترد کرنے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ کراچی کے نام پر کراچی کی عوام سے ووٹ مانگا ہے اور جب کراچی کے نوجوانوں کے مستقبل کا سوال آتا ہے تو ایم کیو ایم کی جانب سے اسمبلی میں پی ٹی آئی کی تحریک التوا کی مخالف کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کے نوجوانوں کو ملازمتوں میں کوٹہ نہیں مل رہا ہے اور مجھے یہاں کراچی کے نوجوانوں کے مسائل پر بات کرنے سے روکا جارہاہے۔ ایم کیو ایم کھبی پس پردہ تو کبھی حکومت میں شامل ہوکر پیپلزپارٹی کے ساتھ ملک کر کراچی کے حقوق کو ڈاکہ زنی کرتی آرہی ہے جس کا نتیجہ یہاں کے عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے کراچی کے تعلیم یافتہ نوجوان سرکاری ملازمتوں سے محروم ہیں لیکن تحریک انصاف کراچی کے عوام کے حقوق کو غصب ہونے نہیں دے گی۔

متعلقہ عنوان :