وفاقی محتسب سیکریڑیٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کی وفاقی اداروں سے متعلقہ شکایات کے ازالے کیلئے فوکل پرسن کا تقرر

بدھ 23 نومبر 2016 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی تجویز پر اوورسیز پاکستانیوںکی وفاقی حکومت کے اداروں سے متعلقہ شکایات کے ازالے کیلئے وفاقی محتسب سیکریڑیٹ نے فوکل پرسن کا تقررکردیاگیا ہے۔اس بات کا فیصلہ وائس چئیرپرسن او پی سی شاہین خالد بٹ اور کمشنرافضال بھٹی کی و فاقی محتسب سلمان فاروقی سے اسلام آباد میں ہونے وا لی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ڈائریکٹرجنرل او پی سی جاوید اقبال بخاری اور وفاقی محتسب سیکریڑیٹ کے متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔اسسٹنٹ رجسٹرار منورگوندل وفاقی محتسب سیکریڑیٹ جبکہ ڈائریکٹرلیگل راجہ زبیر او پی سی کی طرف سے فوکل پرسنز تعینا ت کئے گئے۔شاہین خالد بٹ اور افضال بھٹی نے وفاقی محتسب کو اوورسیز پاکستانیوںکی شکایات کے حل کے طریقہ کار کے متعلق بتاتے ہوئے کہاکہ او پی سی ابتک موصول ہونے والی شکایات میں سے 50 فیصدکا ازالہ کرچکاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اضلاع کی سطح پر قائم اوورسیز کمیٹیاں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سرگرمی سے کا م کر رہی ہیں۔وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے او پی سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جس نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اس طرح کا ادارہ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیگر صوبوں کو بھی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے او پی سی پنجاب کی طرز پراداروں کا قیام عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔