ایم کیو ایم پاکستان کا ٹوئٹر اور فیس بکس پر سینیٹر محمد علی سیف بارے جاری مواد سے لاتعلقی کا اعلان

محمد علی سیف کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بناکر بے بنیاد ،من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کیخلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ، ترجمان

بدھ 23 نومبر 2016 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے ٹیوئٹر اور فیکس بک پر ایم کیوا یم پاکستان کے پی کے صدراور سینیٹر بیر سٹر محمد علی سیف کے حوالے سے جاری ہونے والے مواد سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پی کے صدر و سینیٹر محمدعلی سیف کا ٹیوئٹر ، فیکس بک سمیت سوشل میڈیا پر کسی قسم کا کوئی اکاؤنٹ موجود نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایم کیوا یم پاکستان کے سینیٹر محمد علی سیف کے حوالے سے ٹیوٹر یا کسی اور سوشل میڈیا پرمحمد علی سیف کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بناکر بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلارہے ہیں ان کے خلاف سائبر کرائم کے قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ترجمان متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی انوشہ رحمان اور پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ جو عناصر بھی سینیٹرمحمد علی سیف کے حوالے سے جعلی اکاؤنٹ بناکر بے بنیاد تحریروں سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے افراد کی سرکوبی کیلئے ٹھوس و عملی اقدامات کئے جائیں۔