آئیڈیاز 2016 میں پاکستان ایروناٹیکل کامرہ اور ترکی کے درمیان مشاق طیارے فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا

پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی تیزی سے فروغ پا رہی ہے ، آئیڈیاز 2016 کی نمائش میں روس کی تین بڑی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں،رانا تنویر حسین

بدھ 23 نومبر 2016 19:36

آئیڈیاز 2016 میں پاکستان ایروناٹیکل کامرہ اور ترکی کے درمیان مشاق طیارے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) آئیڈیاز 2016 میں پاکستان کے جدید دفاعی سازو سامان نے غیر ملکیوں کو گرویدہ بنالیا ہے ۔ترکی نے پاکستان کے ساتھ 2ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پہلا معاہدہ پاکستان ایرو ناٹیکل کامرہ اور ترکی کے درمیان دو سال کے دوران52 مشاق طیاروں کی فراہمی کا ہوا ہے جبکہ دوسرا معاہدہ بدر ایکسپو سلوشن پاکستان اور ہائی ٹیک پورٹ ترکی کے درمیان ہوا ہے ۔

ائیر مارشل ارشد ملک چیئرمین پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس اورترک دفاعی پیدوار کی وزارت کے ڈپٹی سیکریٹری مصطفی سیکر نے تاریخی معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس ترکی کو 52سپر مشاق طیارے مہیا کریگا جو ترک فضائیہ کے پائلٹس کی ابتدائی تربیت میں استعمال ہونگے اس کے علاوہ پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس ان طیاروں کے انجن کی مرمت اور اوورہال کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم محمد نواز شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین ، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کے علاوہ پاکستان اور ترکی کے اعلیٰ عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس معاہدے سے نہ صرف بیرونی ممالک کو ایوی ایشن کے سازو سامان کی فروخت کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ملک کے زرِ مبادلہ میں اضافے میں مددملے گی۔

یہ طیارہ سعودی عرب، اومان، ایران اور ساؤتھ افریقہ میں پہلے سے ہی زیرِ استعمال ہے۔ معاہدے سے پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس جو سپر سانک JF-17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینر طیاروں کو تیار کر رہا ہے کو بین الاقوامی سطح پر بہترین ایوی ایشن انڈسٹری کی پہچان ملے گی ۔ معاہدے کے علاوہ چند اور اہم معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے جن میں پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس اور ٹیلک الیکٹرانکس اینڈمشینری مشترکہ طور پر انجن کی مرمت اور اوورہال کی سہولیات فراہم کریں گے۔

دوسرے اہم معاہدے میں STI سے 2سپر مشاق فلائٹ سمیولیٹر حاصل کیے جائیں گے۔ ان معاہدوں سے ملکی صنعت کو ترقی کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا رانا تنویر حسین نے کہا کہ ترکی کے ساتھ مشاق طیاروں کا معاہدہ طے پا گیا ہے ۔ دو سال کے دوران ترکی کو 52 مشاق طیارے فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی تیزی سے فروغ پا رہی ہے ۔

آئیڈیاز 2016 کی نمائش میں روس کی تین بڑی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں ۔ روس کے ساتھ تین سال سے تعلقات میں بہتری آئی ہے جبکہ روس کے صدر پیوٹن نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے ۔ اس حوالے سے ہم نے عالمی برادری کو آگاہ کر رہے ہیں ۔ امید ہے کہ جس سے بھارت کو عقل آئے گی ۔ انہوں نے ایکسپو سینٹر میں لگائے گئے اسٹالوں کا دورہ بھی کیا ۔