بھارتی جارحیت سے خطے کے امن کو خطرہ ہے ‘ حکومت ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس بلائے ‘ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف و رزیوں اور بلا اشتعال فائرنگ کے معاملات کو اقوام متحدہ اور سفارتی سطح پر موثر انداز میں اٹھایا جائے

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 نومبر 2016 19:31

بھارتی جارحیت سے خطے کے امن کو خطرہ ہے ‘ حکومت ایل او سی پر بھارتی جارحیت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2016ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت سے خطے کے امن کو خطرہ ہے ‘ حکومت وقت ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس بلائے ‘ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف و رزیوں اور بلا اشتعال فائرنگ کے معاملات کو اقوام متحدہ اور سفارتی سطح پر موثر انداز میں اٹھایا جائے۔

وہ بد ھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ایل او سی پر فائرنگ بھارت کا روز کا معمول بن چکا ہے ۔ بھارت ایسے اقدامات سے ہمیں اشتعال دلانا چاہتا ہے۔ سیاسی اور عسکری قیادت کو بھارتی جارحیت کے خلاف مل کر لائحہ عمل اپنانا چاہیے اور ایسی پالیسی تیار کی جائے کہ بھارت کو سرحد پر بھی موثر جواب دیا جا سکے اور سفا رتی سطح پر بھی یہ معاملہ موثر انداز میں اٹھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت کو سفارتی سطح پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت وقت بھارتی جارحیت کے خلاف پارلیمنٹ میں بھی ڈسکشن کرائے اور ہو سکے تو اس معاملے پر کل جماعتی کانفرنس بھی بلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر سے توجہ ہٹانے کیلئے سرحدوں پر چھیڑ چھاڑ کر رہا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔ بھارت جارحیت سے پاکستان کو دبائو میں لانے کی سوچ رکھتا ہے لیکن یہ اس کی خام خیالی ہے کہ ایسا ہو گا۔ …(رانا+ار )