اسلام آباد میں تجاوزات سے نمٹنے کیلئے مزید 400 افراد بھرتی کرنے کیلئے سمری وزیراعظم کو ارسال کر رکھی ہے‘ وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں توجہ مبذول نوٹس کا جواب

بدھ 23 نومبر 2016 19:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تجاوزات سے نمٹنے کیلئے مزید 400 افراد بھرتی کرنے کیلئے سمری وزیراعظم کو ارسال کر رکھی ہے‘ اسلام آباد میں سی ڈی اے کے لئے یہ معاملہ چیلنج بن چکا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں آسیہ ناز تنولی کے سی ڈی اے کی اراضی پر بڑھتی ہوئی تجاوزات سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ معاملہ اسلام آباد میں سی ڈی اے کے لئے چیلنج بن چکا ہے۔

وہ زمینیں جن کا پچاس سال سے سی ڈی اے قبضہ نہیں لے سکی‘ قابضین اب متاثرین کے نام سے جانے چاہتے ہیں۔ ایک سال میں 2662 سٹرکچرز گرائے گئے‘ 230 افراد پر مشتمل عملہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے موجود ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو ہم نے 400 مزید افراد بھرتی کرنے کی سمری ارسال کر رکھی ہے جس کے بعد ہم مزید موثر انداز میں کام کر سکیں گے۔ توجہ مبذول نوٹس پر آسیہ ناز تنولی کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم اس بات سے انکار نہیں کر سکتے کہ سی ڈی اے کے عملے کی ملی بھگت سے یہ کام ہوتا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق 50 سے 60 ہزار کنال کی زمینوں کو پراجیکٹ کا درجہ دیا ہے۔ جن لوگوں کے بقایا جات میں ہم ان کو ادائیگی کریں گے۔ ہم ان کو ماڈل ویلج بنا کر آباد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کری ماڈل ویلج کے حوالے سے سکروٹنی کی گئی ہے۔ صرف 1960 کے قابضین ہی آباد کئے جائیں گے۔ اگر سی ڈی اے کے کسی اہلکار کی بدعنوانی ثابت ہوتی ہے تو اس کے خلاف باقاعدہ ایکشن لیا جاتا ہے۔