عاطف خان نے گورنمنٹ ہائی سکول پی اے ایف شاہین کیمپ میںآئی ٹی لیب کا افتتاح کر دیا

صوبائی حکومت میرٹ کی مکمل بالادستی پر یقین رکھتی ہے ،سفارش یا پارٹی وابستگیو ں پر بھرتی کرکی30سال تک بچوں کے مستقبل کو داؤ پر نہیں لگا سکتے،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

بدھ 23 نومبر 2016 19:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت میرٹ کی مکمل بالادستی پر یقین رکھتی ہے سفارش یا پارٹی وابستگیو ں پر بھرتی کرکی30سال تک اپنے بچوں کے مستقبل کو داؤ پر نہیں لگا سکتے۔وہ بدھ کے روز گورنمنٹ شہید ابرار زاہدہائی سکول پی اے ایف شاہین کیمپ پشاورمیں 17لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ آئی ٹی لیب کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

تقریب سے دوسروں کے علاوہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے قانون وپارلیمانی امور محمد عارف یوسف اور سکول کے پرنسپل نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ایئرکموڈور عرفان ذکاء، ڈائریکٹر سکولز رفیق خٹک اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل سرکاری سکولوں میں 12ہزار اساتذہ کی کمی تھی اور 28ہزار میں سے صرف 179سکولوں میں آئی ٹی لیب تھے جبکہ موجودہ دور حکومت میں اب تک 40ہزار اساتذہ این ٹی ایس ٹسٹ کے ذریعے خالصتاًمیرٹ پر بھرتی کئے جا چکے ہیں اور مزید 15ہزار بھرتی کرنے کا پروگرام ہے۔

اسی طرح رواں تعلیمی سال کے اختتام تک آئی ٹی لیب کی تعداد 179سے بڑھ کر1ہزار3سو40ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 5سو سرکاری سکولوں میں انٹرایکٹیوبورڈ لگائے گئے ہیں جس کے ذریعے طلبہ کو ویڈیوز کی مدد سے بھی پڑھایا جائے گااس قسم کے جدید بور ڈ آج تک پرائیوٹ سکولوں میں بھی نہیں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 21لاکھ میں سے 14لاکھ طلبہ کو 4ارب روپے کی لاگت سے فرنیچر فراہم کیا گیاہے اور باقی کو بھی بتدریج فراہم کیا جا رہا ہے۔

عاطف خان نے کہا کہ ترقی بڑی بڑی عمارتوںیا سڑکوں سے نہیں بلکہ تعلیم سے ہوتی ہے اس لئے حکومت کی تمام تر توجہ تعلیم پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم صرف اور صرف تعلیم سے بنتی ہے جب قوم بنے گی تو پھروہ خود اپنے لئے مستقبل کی راہیں متعین کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے برٹش کونسل کے تعاون سے 56کروڑ روپے کی لاگت سے 83ہزار اساتذہ کو انگلش،میتھس اور سائنس مضامین میں خصوصی تربیت دینے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :