سی سی پی نے 18 الیکٹرک کیبل تیار کرنے والی کمپنیوں کو دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر پر شو کاز نو ٹس جاری کر دیا

بدھ 23 نومبر 2016 19:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان نے 18 الیکٹرک کیبل تیار کرنے والی کمپنیوں کو صارفین کو الیکٹرک کیبلز کے بنڈل میں موجود پوشیدہ کیش کوپن سے لا علم رکھنے پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ سی سی پی کی جانب سے اس معاملے پر بنا ئی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق متعدد کمپنیوں نے الیکٹرک کیبلز کے بنڈل میں پوشیدہ طور پر کیش کوپن ڈالنے کی ریت اپنائی ہو ئی ہے لیکن وہ ڈبوں کی پیکیجنگ یا تشہیری مواد پر اس کو ظاہر نہیں کرتے اوراس نہ ہی صارفین کے علم میں یہ بات لاتے ہیں کہ ان ڈبوں میں کیش کوپن موجود ہیں ۔

اور ان کیش کوپن کی قیمت بھی وہ صارفین سے پراڈکٹ کی حتمی قیمت میں چارج کر کے نہ صرف صارفین سے دھوکہ دھی میں ملوث ہو رہے ہیں بلکہ الیکٹرک کیبل کے معیار میں کمی اور قیمت میں اضافے کاسبب بھی بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کا بنیادی مقصد صارفین کی جانب سے رکھے گئے الیکٹریشن / کنٹریکٹر کو خوش کرنا ہے تا کہ وہ ان کی پراڈکٹ کی سفارش کریں۔کمپی ٹیشن کے اصولوں کے مطابق مییٹریل کی معلومات کو چھپانانہ صرف صارف کو گمراہ کرتا ہے بلکہ ان کے خریداری کے فیصلے کو متاثر کرتا ہے مذید براںایسے اقدامات سے یہ کمپنیاں اپنی حریف کمپنیوں کے مقابلے میں نا جائز فائدہ بھی لیتی ہیں۔

ان وجوہات پر سی سی پی نے ڈان کیبلز،جی ایم کیبلز،فاسٹ کیبلز،ہائی ٹیک انگلش کیبلز،پاک مظفر کیبلز،الفا پلس کیبلز،ہائی ایس انگلش کیبلز،گولڈ رائل کیبلز،ظفر کیبلز،نیشن کیبل،پلر کیبل،ویلکم کیبل ،دیوان کیبل،ای فلکس کیبل،ہیرو کیبل،فالکن کیبل،لیر کیبلز اور رانا کیبلز کو با دی النظر میں دھوکہ دھی پر مبنی تشہیرمیں ملوث ہونے اور کمپی ٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

سی سی پی نے ان کمپنیوں کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن کے اندر اس شو کاز نوٹس کا جواب دینے کا کہا ہے۔ سی سی پی کو کمپی ٹیشن ایکٹ کے تحت یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ صارفین اور کاروباری اداروں کو دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر اور کمپی ٹیشن مخالف سر گرمیوں سے بچائو کیلئے اقدامات کرے۔صارفین سی سی پی کو اپنی شکایات [email protected] پر ارسال کر سکتے ہیں۔