خیبر پختونخوا کے عوام اپنے وسائل کے باوجود گیس اور بجلی سے محروم ہیں ،ہارون بشیر بلور

بدھ 23 نومبر 2016 19:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے پشاور میں گیس کی ناروا لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے اسے عوام کے خلاف سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں پر گیس بندش کا عذاب مسلط کر دیا گیا ہے اور اب یہ حکومتوں کا وطیرہ بن چکا ہے کہ گرمیوں میں بجلی اور سردیوں میں گیس کسی صورت عوام کو فراہم نہیں کی جاتی، انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کو نجانے کس بات کی سزا دے رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پہلے ہی عوامی مسائل سے آنکھیں موند رکھی ہیںجس کی وجہ سے صوبے کے عوام گو نا گوں مسائل کا شکار ہیں، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ قدرتی گیس اور بجلی دونوں ہی خیبر پختونخوا کی پیداوار ہیں اور یہاں کے عوام کو ان دونوں سے محروم کر دیا گیا ہے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس کی خودساختہ کمی کو دور کر کے عوام کو فراہمی یقینی بنائی جائے ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا کے وسائل پنجاب منتقل کئے جانے کی سازش ہو رہی ہے جس کے خلاف صوبے کے عوام متحد ہیں اور اس قسم کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے مناسب اور ٹھوس اقدامات کرے تا کہ خیبر پختونخوا کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے ، ہارون بلور نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں گیس صوبائی معاملہ ہے اور حکمرانوں نے اگر صوبے کے حقوق کیلئے آواز نہ اٹھائی تو مستقبل میں اس کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں جبکہ صوبے کے وسائل کو غیر منصفانہ طور پر تقسیم کرنے سے صوبے کے حقوق کی جنگ مرکز کے سامنے کمزور پڑ جائے گی،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اپنے وسائل کے باوجود گیس اور بجلی سے محروم ہیں جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کے باعث اب عوام ان سے متنفر ہو چکے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب صوبے میں ایک بار پھر اے این پی کی حکومت ہو گی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے ۔