بارانی زرعی یونیورسٹی میں محکمہ زراعت کا خصوصی سٹال لگا دیا گیا

بدھ 23 نومبر 2016 18:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات کی فراہمی کی اہمیت کے پیش نظر محکمہ زراعت پنجاب کو فیس بک پیج کے ذریعے کاشتکاروں اور زراعت سے وابستہ دیگر افراد تک جدید زرعی معلومات کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔اس ضمن میں نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کی طرف سے محکمہ زراعت کے فیس بک پیج کی تشہیری مہم کے لئے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں خصوصی سٹال لگایا گیا جو دو دن جاری رہے گا۔

اس سٹال میں محکمہ زراعت پنجاب کے فیس بک پیج کو جوائن کرنے والے کسانوں اور طلباء و طالبات میں بذریعہ قرعہ اندازی قیمتی انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ زرعی تحقیق کے نتائج، فصلوں کے ٹیکنالوجی پیکج ،حکومتی ترغیبات،موسمیاتی تبدیلیوں کی معلومات اور منڈیوں کے بھائوکے متعلق کاشتکاروں کو بروقت آگاہی دینے کے لئے توسیعی سروس کو فعال بنانے کے علاوہ جدید ذرائع ابلاغ کا موثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ ترقی یافتہ دور میں ترقی پسند کاشتکاروں کے ساتھ ناخواندہ اور کم تعلیم یافتہ کاشتکاروں تک اخبارات و جرائد کے علاوہ ریڈیو ، ٹیلی ویژن، ہیلپ لائن،سمارٹ فون کے ذریعے آڈیو ٹیکسٹ میسجنگ سروس، ویب سائٹ، فیس بک، گوگل پلس، ٹویٹر اور لنکڈ اِن کے ذریعے جدید زرعی معلومات کی فراہمی ممکن ہے ۔ یہ حقیقت ہے کہ زرعی تحقیق کے نتائج سے کاشتکاروں کو مستفید کرنے کیلئے اسے بلاتاخیر کاشتکاروں تک پہنچانا انتہائی ضروری ہے تاکہ کاشتکار جدید زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے مستقل بنیادوں پر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرسکیں۔

محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے جدید ذرائع ابلاغ کے استعمال کے ذریعے کاشتکاروں کی دہلیز تک جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے بھر پور کوشش کی جارہی ہے اور تمام دستیاب ذرائع اور وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے زرعی ہیلپ لائن کو فعال کیا گیا ہے اورکاشتکاروں کی لائیو کالز کو زرعی ماہرین کے موبائل نمبرز پر منتقل کر کے روزانہ 12 گھنٹے فنی رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔