نئی گیس سکیموں پر عائد پابندی ہٹانے کیلئے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی ‘ دو نئے ایل این جی گیس ٹرمینل دسمبر 2017ء تک مکمل ہونے سے گیس کی قلت پر کافی حد قابو پالیا جائے گا

وزیر مملکت جام کمال خان کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

بدھ 23 نومبر 2016 17:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ نئی گیس سکیموں پر عائد پابندی ہٹانے کے لئے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے‘ دو نئے ایل این جی گیس ٹرمینل دسمبر 2017ء تک مکمل ہونے سے گیس کی قلت پر کافی حد قابو پالیا جائے گا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شہباز بابر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت جام کمال نے بتایا کہ نئی گیس سکیموں پر عائد پابندی ہٹانے کے حوالے سے ایک تجویز کابینہ میں پڑی ہے اس معاملے پر کابینہ کی ایک کمیٹی بھی بنائی جائے گی۔

قیصر احمد شیخ اور نواب محمد یوسف تالپور کے سوالوں کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ گیس فیلڈز میں ملازمتوں کے حوالے سے ترجیح مقامی افراد کو دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بعض اوقات تکنیکی اور تعلیمی ضروریات پوری نہ ہونے پر دیگر اضلاع اور تحصیلوں سے ملازمتیں رکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 400 سے 500 ایم ایم سی ایف ایل این جی‘ سی این جی‘ صنعتی شعبوں کو فراہم کی جاتی ہے۔ یہ گھریلو صارفین کو فراہم نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی لت پر قابو پانے کے لئے نئے ذخائر کی دریافت سمیت متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ دو نئے ایل این جی گیس ٹرمینل دسمبر 2017ء تک مکمل ہونے تک گیس کی قلت میں کافی حد تک کمی آجائے گی۔