لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کا وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیر مملکت مفتاح اسماعیل کے اعزاز میں ظہرانہ

وفاقی وزیر نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں آ گاہ کیا

بدھ 23 نومبر 2016 17:00

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سیّد ابن عباس نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و تر قی احسن اقبال اور وزیر مملکت مفتاح اسماعیل کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔ ظہرانہ کا مقصد برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کو چین پاکستان اقتصادی راہداری، پاکستان کی اقتصادی ترقی اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا تھا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع پر برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں آ گاہ کیا۔ انہوں نے تعلیم، توانائی، اکنامی میں ترقی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کیلئے حکومت کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبو ں میں کام کر رہی ہے ، سی پیک کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا سی پیک سے نہ صرف پاکستان میں رہنے والوں کی زندگی بہتر ہو گی بلکہ پورے خطہ کو فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کے تمام صوبے مستفید ہوں گے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے عالمی براداری کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر آواز نہ اٹھانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات میں حالیہ کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ بھارت کی جانب سے لائن آ ف کنٹرول کی خلاف ورزی ہے جس پر پاکستان نے ابھی تک تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اس کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اس موقع پر برطانوی پارلیمنٹرین کی طرف سے پاکستان میں بہتر سیکورٹی کے حالات پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :