نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ،تعمیر وترقی اور ہر قسم کی سہولت فراہم کرینگے ،نادر حسین خواجہ

کھلاڑی امن کے سفیر ہے قیام امن کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا فروغ بے حد ضروری ہے ،شاہ فیصل کالونی میں کھلاڑیوں سے خطاب

بدھ 23 نومبر 2016 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معائون خصوصی نادر حسین خواجہ نے کہاکہ شاہ فیصل کالونی میں شہر کا معیاری اسٹیڈیم ،جمنازیم اور شوٹنگ بال کورٹ کی تعمیر سندھ حکومت کا شاہ فیصل کالونی کے نوجوانوں کے لئے تحفہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی پنجاب گرائونڈ (شاہ فیصل اسٹیڈیم ) پر منعقدہ تقریب میں کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے شہر کراچی کے معروف اسپورٹس آرگنائزر نیشنل بنک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

نادر حسین خواجہ نے مزید کہاکہ کھلاڑی امن کے سفیر ہیں اور قیام امن کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا فروغ بے حد ضروری ہے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ میں تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے ساتھ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں اس حوالے سے کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر کام کا آغاز کردیا گیا کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے نادر حسین خواجہ نے کہاکہ شاہ فیصل کالونی اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوگا اور انشا اللہ چند ماہ میں یہاں کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو ایک معیاری کھیل کا میدان میسر آئے گاانہوں نے کھلاڑیوں کو سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہوئے کہاکہ منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے نوجوانوں کو میدانوں کی طرف راغب کریں ۔