پاکستان فرنیچر کونسل کی چھٹی ’’انٹیریئرز پاکستان نمائش‘‘ میں شرکت کے لئے غیر ملکی وفود کی آمد کل شروع ہوگی

نمائش کا مقصد پاکستانی فرنیچر مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے،میاں کاشف اشفاق

بدھ 23 نومبر 2016 13:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان فرنیچر کونسل کی چھٹی ’’انٹیریئرز پاکستان نمائش‘‘ میں شرکت کے لئے چین، ترکی، تائیوان، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک سے وفود کی آمد کل جمعرات شروع ہو جائے گی۔ تین روزہ نمائش (کل) جمعہ سے لاہور میں شروع ہوگی۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے جنرل منیجر حامد محمود نے کہا ہے کہ غیر ملکی وفود پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کی دعوت پر نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔

پی ایف سی نمائش میں شرکت کے لئے آنے والے وفود کے تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا مقصد پاکستان کی تیار کردہ فرنیچر مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے۔ اس نمائش میں ملکی و غیر ملکی برآمد و درآمد کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی وفود کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں شرکت کرنے والوں کی سہولت کے لئے عدنان افضل کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے جو غیر ملکی وفود کو خصوصی ڈیسک کے ذریعے متعلقہ معلومات کو فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر خان پاکستان فرنیچر کونسل کی چھٹی انٹیریئرز پاکستان میگا ایگزیبیشن کا افتتاح کریں گے۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے اس حوالے سے کہا کہ اس میگا فرنیچر نمائش کا مقصد پاکستان میں بننے والے فرنیچر اور اس سے متعلقہ مصنوعات کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں سفارت کار، سرکاری حکام، نمایاں کاروباری شخصیات، فرنیچر انڈسٹری کے شراکت داروں کے علاوہ چین، اٹلی، برطانیہ، ترکی، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور بنکاک سے مندوبین بھی شرکت کریں گے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس نمائش میں ڈائمنڈ فوم، چین ون ہوم، انٹر ووڈ، فرنیچر کنگڈم، نیشنل فرنشرز سمیت تقریباً 100 کمپنیاں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں مقامی صف اول کی 50 سے زائد کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی جبکہ دو لاکھ سے اڑھائی لاکھ افراد کی جانب سے نمائش دیکھنے کی توقع ہے۔ اس موقع پر مختلف اشیاء پر 20 فیصد تک رعایت بھی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کو مارکیٹ کے رجحانات کو سمجھنے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت دکھانے کا موقع ملے گا۔ پی ایف سی مختلف ممالک میں پاکستان کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے کام جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچررز کے لئے فوکل پوائنٹ کا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2015-16ء میں 1.69 ارب روپے مالیت کا فرنیچر درآمد کیا ہے۔ پاکستان میں فرنیچر انڈسٹری ترقی کی بڑی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر خرم دستگیر خان کی ملک میں تجارت کے فروغ کے لئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک میں مقامی فرنیچر انڈسٹری کو برآمدات کے فروغ دینے اور ماحول کو سازگار بنانے کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فرنیچر کے شعبہ کو انڈسٹری کا درجہ دیا گیا تو یہ بہت سے سماجی و اقتصادی فوائد کا سبب بنے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فرنیچر کے شعبہ کی ترقی کے لئے سبسڈی فراہم کرے اور اس شعبہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :