پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین تجارتی مذاکرات کی کمیٹی کے اجلاس کے پانچویں دور کا انعقاد

بدھ 23 نومبر 2016 13:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین تجارتی مذاکرات کی کمیٹی کے اجلاس کا پانچواں دور بینکاک میں ہوا۔ ان مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزارت تجارت کے جوائنٹ سیکرٹری تیمور تجمل نے کی۔ وفد میں متعلقہ محکموں اور وزارتوں کے حکام شامل تھے۔ تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے موصولہ پیغام کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو منعقدہ اس مذاکراتی اجلاس کی مشترکہ صدارت وزارت تجارت ، تھائی لینڈ کے متعلقہ محکمہ کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنانتا کنگو والکو لکی نے کی۔

پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدہ( ایف ٹی اے )کے مذاکرات کا پہلا دور بنکاک میں اکتوبر2015ء میں ہوا۔ اس اجلاس کے دوران اور اس کے بعد ہونے والے اجلاسوں میں تجارتی مذاکرات کو باضابطہ بنانے اور آگے بڑھانے کے لیے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دیئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اشیاء کی تجارت، کسٹمز کے طریقہ کار اور تجارتی سہولتوں کے بارے میں ورکنگ گروپس بنائے گئے اس کے علاوہ تجارتی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کے دوران قانونی اور ادارہ جاتی امور اور قواعد کے ماخذ بھی زیر غور لائے گئے۔

دونوں اطراف نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اسلام آباد میں 22 اور 23 دسمبر 2016ء کو منعقد ہونے والے مذاکرات کے آئندہ چھٹے دور میں متعلقہ امور پر پیش رفت کی جائے گی۔