سندھ اسمبلی : حکومت اور اپوزیشن ارکان اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں تبدیلی لے آئیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا ۔ اسپیکر آغا سراج درانی

منگل 22 نومبر 2016 23:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ ایوان میں موجود تمام ارکان کی ہمیشہ یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کی جانب سے پیش کردہ نکات کو کارروائی کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے ، جس کی وجہ سے مجبوراً طویل ایجنڈا تیار کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرز ڈے کے موقع پر قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کی جانب سے کی جانے والی اس نشاندہی پر کہی کہ سندھ اسمبلی کا ایجنڈا روزانہ بہت زیادہ طویل ہوتا ہے اور کئی نکات زیر بحث آنے سے قبل ہی ایوان کی کارروائی کا وقت پورا ہو جاتا ہے ۔

خواجہ اظہار الحسن نے شکایت کی کہ ایجنڈے کی طوالت کے باعث اکثر اہم نکات بحث ہونے سے رہ جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے کہا کہ اس مسئلے کا آسان حل یہ ہے کہ اجلاس روزانہ وقت مقررہ پر شروع ہو تاکہ ایجنڈے میں شامل زیادہ سے زیادہ نکات کو نمٹایا جا سکے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ پرائیویٹ ممبرز ڈے کے موقع پر ہم پرائیویٹ قرار دادوں کی تعداد تو کم کر سکتے ہیں اگر کسی روز پانچ قرار دادیں رکھی جانی ہوں تو ان کی تعداد تو دو یا تین کی جاسکتی ہے ۔

جس پر اسپیکر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے ارکان آپس میں بیٹھ کر اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں تبدیلی لے آئیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا ۔ فی الوقت وہ مروجہ رولز کے مطابق ہی ایوان کی کارروائی کو چلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں کسی کی تحریک یا قرار داد کو زیر بحث نہیں لاؤں گا تو کچھ ارکان کو یہ شکایت ہو گی کہ انہیں موقع نہیں دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :