ماڈل چلڈرن ہوم کے مقیم بے سہارا اور یتیم بچوں کو موسم سرما میں سکول جانے کیلئے گرم کوٹ اور شوز تقسیم

منگل 22 نومبر 2016 23:33

فیصل آباد ۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی ماڈل چلڈرن ہوم کے مقیم بے سہارا اور یتیم بچوں کو موسم سرما میں سکول جانے کے لئے گرم کوٹ اور شوز تقسیم کئے گئے اس سلسلے میں ایک تقریب ماڈل چلڈرن ہوم سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ چیئرپرسن ایڈوائزی کمیٹی /ایم اپی اے ڈاکٹر نجمہ افضل اور ڈی او ( سی ) میاں آفتاب احمد نے بچوں میں ضروری ساز و سامان تقسیم اور ان سے گہری ہمدردی و شفقت کا اظہار کیا۔

ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ خالد بشیر ‘ ڈی او سوشل ویلفیئر چوہدری محمد اشرف ‘ انچارج ماڈل چلڈرن ہوم لبنی اشفاق اور ایڈوائزری کمیٹی کے دیگر ارکان شیخ انوار الحق ‘ایڈوووکیٹ میڈم فائزہ ‘ عائشہ عتیق ‘ سلیم نور فاطمہ ‘ ڈاکٹر خرم راجہ ‘ محمد آصف مغل اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے / چیئرپرسن ڈاکٹر نجمہ افضل نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور بے سہارا ‘یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیم و تربیت و بحالی ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے بے سہارا اور معاشرے کی سختیوں کے شکار بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے دور رس نتائج کے حامل اقدامات کئے ہیں اور ماڈل چلڈرن ہوم کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ ڈی او ( سی ) نے کہا کہ اچھی تعلیم و تربیت ہر بچے کا حق ہے اور بے سہارا بچوں کو کسی سطح پر نظر انداز نہیں کرنا چاہئے بلکہ ان کی بہتر نگہداشت اور آبیاری کرکے ترقی کے دھارے میں لانا چاہئے ۔

اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ قبل ازیں ایڈوائزری کمیٹی میٹنگ کے دوران ماڈل چلڈرن ہوم کو سٹاف و بجٹ کی کمی ‘ ٹیوٹرز کی فراہمی و دیگر مسائل بھی زیر بحث آئے ۔ اس موقع پر ممبرز نے بعض تجاویز بھی دیں ‘ انچارج لنبی اشفاق نے بتایا کہ چلڈرن ہوم میں 32 بچے مقیم ہیں اور یتیم بے سہارا بچوں کی صحت و خوراک ‘ لباس اور تعلیم کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے ادارہ کو درپیش بعض ضروریات اور مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :