پنجاب حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لے رہی ہے، آزاد علی تبسم

منگل 22 نومبر 2016 23:33

فیصل آباد ۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں صو با ئی حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مقامی سطح پر درپیش مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لے رہی ہے اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو بھی متحرک رکھا گیا ہے ۔ یہ بات چیئرمین / ایم پی اے آزاد علی تبسم نے ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

ڈی سی او سلمان غنی ‘ ایس ایس پی آپریشن رانا معصوم ‘ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ‘ اسسٹنٹ کمشنرز سٹی ‘ سمندری ‘ بلاول ابڑو‘ کنور انوار خاں ‘ ڈسٹرکٹ اٹارنی دلبر حسین ‘ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عبدالقدوس ‘ محکمہ پولیس ‘ ریونیو‘ ایف ڈی اے ‘ ہائوسنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ ممبر کمیٹی ڈاکٹر وسیم نواز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین / ایم پی اے نے کہا کہ پنجاب حکومت دیار غیر میں روز گار کمانے والے پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے لہذا مختلف محکموں سے متعلقہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ وہ آسودگی سے کام کر سکیں ۔ اجلاس کے دوران محکمہ مال ‘ پولیس ‘ ایف ڈی اے سے متعلقہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔

ڈی سی او نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر ناجائز قابضین کو پولیس فورس کے ساتھ بے دخل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مقامی مسائل میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں اور ان کے خاندانوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیز کمشن کی طرف سے ضلع فیصل آباد سے متعقلہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات و مسائل پر مبنی زیر کارروائی 22 درخواستوں میں سے چھ نپٹا دی گئی ہیں جبکہ بقیہ 15 پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی جاری ہے جبکہ اس سے قبل موصول ہونے والی متعدد درخواستیں نمٹا کر درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :