بلوچستان کے عوام نے بیرونی ایجنڈے پر کارفرما دہشت گردوں کے نظریئے کو مسترد کر دیا ہے ،آرمی چیف

سی پیک سے صوبے میں ترقی ،خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،سدرن کمانڈ اور ایف سی کی ان تھک محنت سے بلوچستان امن کا گہوارہ بن رہا ہے سدرن کمانڈنے دشوار گزار اور سنگلاخ علاقوں میں 1000کلو میٹر کی سڑکیں انتہائی برق رفتاری سے تعمیر کر نے میں ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی مد د کی جس سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو بر وقت شروع کر نے میں مد د ملی،جنرل راحیل شریف کا الوداعی دورہ کوئٹہ کے موقع پر پا ک فوج اور ایف سی کے افسران اور جوانوں سے خطاب کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے استقبال کیا

منگل 22 نومبر 2016 23:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے بیرونی ایجنڈے پر کارفرما دہشت گردوں کے نظریئے کو مسترد کر دیا ہے ،سی پیک سے صوبے میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،سدرن کمانڈ اور ایف سی کی ان تھک محنت سے بلوچستان امن کا گہوارہ بن رہا ہے ،ایران اور افغانستا ن سے منسلک طویل بارڈر پر موثر حکمت عملی کے باعث صوبہ میں امن و اما ن کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے،سدرن کمانڈنے دشوار گزار اور سنگلاخ علاقوں میں 1000کلو میٹر کی سڑکیں انتہائی برق رفتاری سے تعمیر کر نے میں ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی مد د کی جس سے پا ک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو بر وقت شروع کر نے میں مد د ملی۔

انہوں نے یہ بات منگل کو اپنے الوداعی دورہ کوئٹہ کے موقع پر پا ک فوج اور ایف سی کے افسران اور جوانوں سے خطاب کر تے ہوئے کہی ،اس سے قبل جب آرمی چیف کوئٹہ پہنچے تو کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے انکا استقبال کیا ،چیف آف آرمی سٹا ف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ بحیثیت آرمی چیف اداروں کی تعمیر اور دور دراز علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں سول حکومت کو سیکیورٹی اور تعاون د میری ترجیح رہی ہے جس کے باعث تقریبا ہر ماہ میں نے بلوچستان کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے واضح طور پر غیر ملکی ایجنڈے پر کارفرما دہشت گردوں کو مسترد کیا اور ان کے نیٹ ورک کو ختم کر نے میں ریاست اور فورسز کی مدد کی اب بلوچستان میں لہر تبدیل ہوگئی ہے دہشت گرد اور انکے سہولت کار ہتھیار ڈال رہے ہیں جس کا واضح ثبوت فراریوں کا بڑی تعداد میں ہتھیار ڈال کر قومی دھا رے میں شامل ہونا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں دیر پا امن اور استحکام کیلئے صوبائی اور وفا قی حکومتوں کیساتھ تعاون جاری رہیگا ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سدرن کمانڈ اور ایف سی کی کار کردگی کی تعریف کر تے ہوئے کہا کہ سدرن کمانڈنے دشوار گزار اور سنگ لاخ علاقوں میں 1000کلو میٹر کی سڑکیں انتہائی برق رفتاری سے تعمیر کر نے میں ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی مد د کی جس سے پا ک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو بر وقت شروع کر نے میں مد د ملی ،گوادر پورٹ اور سی پیک منصوبے سے خطے خصوصاً بلوچستان میں ترقی ،خوشحالی اور امید کے نئے دور کی شروعات ہوگی جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی پاک فوج اور ایف سی میں بڑی تعداد میں شمولیت ،لیویزاور پولیس کے 6000اہلکاروں کی انسداد دہشت گردی کی تربیت اور آواران میں زلزلے کے بعد ریلیف کے کاموں میں برق رفتاری کا سہرا سدرن کمانڈ اور ایف سی کے سر جا تا ہے جنہوں نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی اور سکیورٹی کی مجموعی صورتحال میں بہتری کیلئے ہر ممکن اقداما ت کیے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جس طرح فورسز نے مل کر بلوچستان سے منسلک ایران اور افغانستا ن کے طویل بارڈرپر موثر حکمت عملی کے تحت حفاظت کی ہے اس سے صوبے میں مجموعی امن و اما ن کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ،فورسز کی کا وشیں قا بل تحسین ہیں۔