ممتاز شاعر اور شعبہ پشتو اسلامیہ کالج پشاور کے چیئرمین اباسین یوسفزئی کا اپنے پی ایچ ڈی کے مقالے کا کامیاب دفاع

منگل 22 نومبر 2016 23:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2016ء) ممتاز شاعر اور شعبہ پشتو اسلامیہ کالج پشاور کے چیئرمین اباسین یوسفزئی نے گزشتہ روز اپنے پی ایچ ڈی کے مقالے کا کامیاب دفاع کیا،پروفیسر عبدالوحید خان کی نگرانی میں مکمل ہونے والے مقالے’’حمزہ شنواری کی شاعری میں تصور قومیت‘‘ کا امتحان پروفیسر ڈاکٹر یار محمد مغموم خٹک نے لیا۔اس موقع پر انہوں نے ممتحن کے علاوہ دیگر دانشوروں اور ریسرچ سکالرز کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔

اباسین یوسفزئی نی1993ء میں اسلامیہ کالج پشاور میں لیکچر کی حیثیت سے اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز کیا۔آج کل شعبہ پشتو اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔انہوں نے تدریس کے علاوہ کئی انتظامی عہدوں پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور طلباء کی کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

خیبریونین،پشاور یونیورسٹی اور اسلامیہ کالج پشاور کے سٹوڈنٹس سوسائیٹیز کے انچارج رہے،اس کے علاوہ وارڈن،سینئر وارڈن سٹاف پروکٹر اور انچارج کرکٹ ٹیم بھی رہے۔

ملکی اوربین الاقوامی سطح پر کئی کانفرسوں اور مشاعروں میں شرکت کی۔کئی یونیورسٹیوں کے وزیٹنگ ٹیچر بھی رہے۔ٹیکسٹ بک بورڈ کے ساتھ نصاب کی تشکیل میں بھی معاونت کرچکے ہیں۔اباسین یوسفزئی کا ادبی سفر گزشتہ چالیس سال پر محیط ہے اور ان کا شمار پشتو کے مقبول ترین شعراء میں سے ہوتا ہے،ان کی شاعری کی پہلی کتاب غورزنگونہ(امواج مست) پہلی بار1994ء میں شائع ہوئی جو عوامی تقاضے پر ابتک10مرتبہ شائع ہوچکی ہے جو کہ پشتو ادب کی اشاعت کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔یاد رہے کہ اباسین یوسفزئی سٹیج،اخبارات،ٹی وی اور ریڈیو کے مختلف چینلز کیلئے ایک طویل عرصہ سے لکھنے اور میزبانی کا فریضہ بھی سرانجام دیتے رہے ہیں۔۔۔(ولی)

متعلقہ عنوان :