بلوچستان کے عوام نے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کو مسترد ، دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں فوج کی مدد کی،آرمی چیف

امن واستحکام کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے گوادر پورٹ اور سی پیک کے ثمرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے، جلد عام آدمی تک پہنچیں گے،جنرل راحیل شریف کا سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کوئٹہ کور اور ایف سی بلوچستان کے اہلکاروں اور افسران سے خطاب

منگل 22 نومبر 2016 23:08

کوئٹہ،راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کو مسترد کردیا اور دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں فوج کی مدد کی ۔امن واستحکام کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔گوادر پورٹ اور سی پیک کے ثمرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے اور جلد عام آدمی تک پہنچیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر ز کا الوداعی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے کوئٹہ کور اور ایف سی بلوچستان کے اہلکاروں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو مسترد کردیا ہے۔دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے اور سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں فوج سے بھرپور تعاون کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فراری بڑی تعداد میں ہتھیار ڈال رہے ہیں۔سدرن کمانڈ اور ایف سی کے جوانوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔افغانستان،ایران بارڈر کنٹرول کو بہتر کرنے پر سدرن کمانڈ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن واستحکام کیلئے صوبائی حکومتوں سے تعاون کو اولین ترجیح دی۔امن واستحکام کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امن اور تعمیر وترقی کیلئے ہر ماہ بلوچستان کا دورہ کیا ،این ایل سی اور ایف ڈبلیو او نی1000کلومیٹر سڑک تعمیر کی جس سے سی پیک کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اور سی پیک نئے دور میں داخل ہوگئے۔سی پیک کے ثمرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے اور یہ ثمرات جلد عام آدمی کو منتقل ہوں گے۔سی پیک سے علاقے میں خوشحالی اور استحکام آئے گا۔۔۔(ولی)