سب ڈویژنل افسران موسم سرما میں سسٹم کی مینٹی نینس ہر صورت مکمل کریں ۔ چیف ایگزیکٹو میپکو

منگل 22 نومبر 2016 22:55

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے کہا ہے کہ سب ڈویژنل افسران موسم سرما میں سسٹم کی مینٹی نینس ہر صورت مکمل کریں ۔ کمپنی سسٹم کی استعدادکار میں اضافے اور اس کی مضبوطی کے لئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے ۔ یہ سرمایہ کاری اس وقت تک منافع بخش ثابت نہیں ہوگی جب تک سب ڈویژن کا عملہ درست منصوبہ بندی اور ان کی تکمیل میں سخت محنت نہ کرے ۔

وہ ماڈل ٹائون سب ڈویژن بہاولپور میں افسران وملازمین کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں انسپکشن اور کارکردگی کے معیار کے جائزے کی مضبوط روایت تھی جوکہ گزشتہ چند سال سے کمزور پڑرہی ہے ۔ ہم اس روایت کو بحال کررہے ہیں جس سے ذیلی دفاتر کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اور بنیادی یونٹ کے افسران وملازمین کے اعتماد میں بھی اضافہ ہورہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملازمین او ر افسران دل جمعی اور ایمانداری سے فرائض سرانجام دیں ۔ ماڈل ٹائون سب ڈویژن کی انسپکشن کے دوران انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ فیڈرز پر درختوں کی کٹائی، ڈھیلے جمپرز اور دیکھ بھال کے کام رواں موسم سرما میں ہر صورت مکمل کئے جائیں ۔ سب ڈویژن کے علاقوں میں ایئرکنڈیشنرز استعمال کرنے والے صارفین کا دوبارہ سروے کیاجائے اور ان کے کنکشن دوبارہ چیک کئے جائیں ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسرنے خراب اور جلے ہوئے میٹروں کی تبدیلی کے لئے فوری طورپر میٹر دینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لائن لاسز تکنیکی بنیادوں پر اقدامات اٹھاکر حقیقی طورپر کم کرنیکا بیڑا اٹھایاہے اس اقدام کے دوررس نتائج حاصل ہوں گے اور کمپنی میں حقیقی بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ ڈبل سورس کنکشن کے حامل فیڈرز کا سروے کیاجائے اور اقدامات اٹھائے جائیں ۔

میپکو کمپلیکس بہاولپورمیں یونین کے مطالبہ پر مسجد کے قیام کے احکامات جاری کئے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرنے سب ڈویژن میں فرنیچر مہیاکرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ملازمین اور صارفین کو اچھاماحول فراہم کیاجائے ۔ اس موقع پر چیف انجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ سرفرازاحمد خان، سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو بہاولپور سرکل جمیل الرحمن بھٹی، ایکسین ماڈل ٹائون مبشر رضوی، ظفر عباسی، ڈپٹی کمرشل منیجر رفیق عابد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل سبحان علی سومرو ، سٹاف آفیسر کامران ظہور، ڈپٹی منیجر پبلک ریلیشنز جمشید نیازی جمشید نیازی اور ایس ڈی او ماڈل ٹائون سب ڈویژن بہاولپور اسلم کمال بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :