حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو مراعات دینے کیلئے جلد پیکیج کااعلان کرے،چیئرمین آپٹما

منگل 22 نومبر 2016 21:27

لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن عامر فیاض نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو مراعات دینے کیلئے جلدٹیکسٹائل پیکیج کااعلان کرے ۔ وہ منگل کے روز اپٹما ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سید علی احسان و دیگر اپٹما عہدیداران بھی موجود تھے۔

چیئرمین اپٹما نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ایکسپورٹ اورینٹڈ صنعتوں کیلئے ایکسپورٹ لیڈ پالیسی کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے‘ ٹیکسٹائل سیکٹرکو ٹیکس‘ بجلی‘ گیس کی قیمتوں میں کمی و دیگر شعبوں میں مراعات دی جانی چاہئیں تاکہ ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ ،حکومتی ریونیو میں اضافہ اور ملکی معیشت میں بہتری آسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پنجاب کی صنعتوں کی پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے اور منڈیوں میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں جس سے ٹیکسٹائل سیکٹر بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کی صنعتوں کو سسٹم گیس بند کی جارہی ہے اور صرف ایل این جی بیسڈ صنعتوں کو گیس دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو 3 ملین بیلز کے شارٹ فال کا سامنا ہے جسے دوسرے ممالک سے درآمد کرکے پورا کیاجائیگااور ٹیکسٹائل مصنوعات کی لاگت میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ٹیکسٹائل پیکیج کا جلد اعلان کرے جس میں بجلی‘ گیس‘ ٹیکس و دیگر شعبوں میں مراعات دی جانی چاہئیں تاکہ ٹیکسٹائل سیکٹرمیں بہتری آسکے۔