پولیو ٹیموں کو ہدایت کی جائے کہ وہ ویکسین کا صحیح استعمال کریںاور ان کو ٖفضول ضائع نہ کیا جائے ،کمشنر سکھر ڈویژن

منگل 22 نومبر 2016 20:15

پولیو ٹیموں کو ہدایت کی جائے کہ وہ ویکسین کا صحیح استعمال کریںاور ان ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2016ء) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس نے کہا ہے کہ جن بچوں کے والدین دیگر اضلاع سے سکھر ضلع میں روزگار کے حصول کے لئے آتے ہیں یا یہاں سے دیگر اضلاع میں جاتے ہیں ۔ ایسے لوگوں کے حوالے سے معلومات متعلقہ ڈسٹرکٹ کنٹرول رومز کو فراہم کی جائے تاکہ ایسے بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔ ان خیالا ت کا اظہار ا نہوںنے ڈپٹی کمشنر آفس سکھر میں ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر سکھر ڈویژن نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کو ہدایت کی جائے کہ وہ ویکسین کا صحیح استعمال کریںاور ان کو ٖفضول ضائع نہ کیا جائے اس سلسلے میں ویکسینیٹرزکو بہتر ترتیب بھی دی جائے۔ کمشنرسکھر نے بتایاکہ صوبہ سندھ میں پولیو ایمرجنسی نافذ ہے اور جو بھی افسران صحیح کام نہیں کر رہے اور پولیو کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کررہے ان کی رپورٹ دی جائے تا کہ ان کے خلاف چیف سیکریٹری کو لکھا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیمز ہر حال میں ایک جگہ سے دوسرے جگہ پر نقل و حرکت کرنے والوں پر نظر رکھیں اور ان کے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں مزید برٓاں مائیکرو پلان پر عمل کرتے ہوئے پولیو مہم کے معیار کوبہتر بنایا جائے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو مزید ہدایت کی کہ پولیو مہم میں ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور روینیو کے عملدار محکمہ صحت کی پولیو ٹیمز کے کندھے سے کندھا ملا کر کام کر یں تاکہ ملک میں پولیو جیسے موذی مرض کو جڑ سے اکھاڑ کر ختم کیا جا سکے ۔

قبل ازیں سکھر ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر یوسف شیخ نے سکھر ٹاسک فورس کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکھر ڈویژن میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ 1114760ہے اور روٹین امیونائیزیشن 82فیصد کی گئی ہے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر، ایس ایس پی سکھر اور ڈبلیو ایچ او ، یونیسیف ، روینیو اور محکمہ صحت کے افسران کے علاوہ سندھ پولیو ٹاسک فورس کے وفد جس میں شہناز وزیر علی ، فیاض احمد جتوئی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :