نئی نسل کو علامہ اقبالؒکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرروشن پاکستان بنانے میں کردار ادا کرنا چاہئے،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

منگل 22 نومبر 2016 20:03

لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اقبالؒ کے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے نئی نسل کو ان کی تعلیمات ، نظریات اور فلسفہ حیات پر عمل پیرا ہو کر ایک کامیاب اور روشن پاکستان بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان نیشنل فورم کے زیر اہتمام ’’یوم اقبال ‘‘ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں پاکستان نیشنل فورم کے چیئرمین کرنل (ر) اکرام اللہ ، سیکرٹری جنرل پی این ایف ڈاکٹر حسن عسکری، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہدکامران، سابق گورنرز شاہد حامد، خالد مقبول، سابق سپیکر قومی اسمبلی فخر امام اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھیں، گورنر پنجاب نے کہا کہ اقبال کی شاعری اور فلسفہ نے غفلت میں ڈوبے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں میں جینے کا ایک نیاجذبہ اور ولولہ پیدا کیا اور وہ قوت عمل پیدا کی جس کے سہارے نہ صرف ہم نے مایوسی کو شکست دی بلکہ اپنی منزل تک بھی پہنچے، انہوں نے کہا کہ اقبالؒ مسلم امہ کے اتحاد کے داعی تھے اور مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر دیکھنا چاہتے تھے،گورنر نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے قائدین قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کہ جنہوں نے اپنی زندگیوں کا ایک ایک لمحہ پاکستان کی بنیاد رکھنے اور اس کی تکمیل کیلئے وقف کر دیا تھا کے اصولوں کو اپناتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں،گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایک خوشحال اور مستحکم بنانے کیلئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ میں گراں قدر اضافہ اور ملک میں لگائے گئے میگاپراجیکٹس اس بات کا واضح ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے پاکستان نیشنل فورم کے چیئرمین کرنل (ر) اکرام اللہ ، سیکرٹری جنرل پی این ایف ڈاکٹر حسن عسکری، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران، سابق گورنرز شاہد حامد، خالد مقبول اور سابق سپیکر قومی اسمبلی فخر امام نے بھی خطاب کیا اور حکیم الامت علامہ اقبالؒ کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔