جڑواں شہروں میں مچھلی کی فروخت میں اضافہ

منگل 22 نومبر 2016 16:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں مچھلی کی فروخت میں اضافہ ہو گیا، تجارتی مراکز میں مختلف انواع و اقسام کی تلی ہوئی مچھلی کی دکانیں سج گئیں۔ نومبر، دسمبر اور جنوری میں درجہ حرارت گرنا شروع اور سردی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔

سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی مچھلی کا استعمال بڑھ جاتا ہے اور گلی محلہ میں تازہ مچھلی فروخت کرنے والوں کی صدائیں سنائی دیتی ہیں اور راولپنڈی کے شہریوں کی ماہی ضروریات پوری کرنے کیلئے خان پور ڈیم بڑا ذریعہ ہوتا ہے جہاں مچھلی کے شکار کے ساتھ ساتھ مچھلی کے بیوپاری بھی مچھلی کی خرید و فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں دریائی مچھلی کی زیادہ ضروریات اسی ڈیم سے پوری کی جاتی ہیں جبکہ منگلا ڈیم، تربیلا ڈیم سے بھی مچھلی لائی جاتی ہے اور عام شوقین راول ڈیم سے بھی شکار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

موسم کی شدت کے ساتھ تازہ اور تلی ہوئی مچھلی کا کاروبار بھی عروج پر ہوتا ہے۔ جڑواں شہروں کے تجارتی مراکز، ہوٹلوں اور فوڈ پارکس میں تلی ہوئی مچھلی کی نت نئی اقسام فروخت ہوتی ہیں اور لوگ اہلخانہ کے ہمراہ تلی ہوئی مچھلی کے سٹالوں پر خریداری کرتے اور فوڈ پارکس میں بیٹھ کر کھاتے دکھائی دیتے ہیں۔