گلگت بلتستان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں مختلف آسامیوں کے لئے کامیاب امیدواروں کی میرٹ لسٹ آویزاں

منگل 22 نومبر 2016 15:09

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان کی جانب سے مختلف آسامیوں کے لئے حال ہی میں منعقد ہونے والے ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کی میرٹ لسٹ لگا دی گئی ہے۔ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریری ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کی فہرست مرتب کرکے آویزاں کر دی گئی ہے اور تمام امیدوار جو رزلٹ سے متعلقہ معلومات دیکھنا چاہتے ہیںوہ محکمہ ایکسائز کے سیکرٹریٹ آفس یا ہر ضلع کے ایکسائز آفس سے پتہ کر سکتے ہیں۔

رزلٹ کی معلومات محکمہ کی ویب سائٹ پر بھی جاری کردی گئی ہیں اور امیدوار www.gbexcise.gov.pkپر اپنے تحریری ٹیسٹ کی بابت معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ حال ہی میں ہونے والے جسمانی اور تحریری ٹیسٹ کو شفاف اور نقائص سے پاک بنانے کے لئے پاک آرمی کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

صاف شفاف ٹیسٹ میں مدد فراہم کرنے پر سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید عبدالوحیدشاہ نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ۔ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے انٹرویوز24نومبر2016سے شروع ہونگے اس سلسلے میں کامیاب امیدواروں کو اطلاع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اصلی شناختی کارڈ اور دیگر اسناد کے ساتھ مقررہ وقت پر محکمہ کے دفتر میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔