محکمہ زراعت کے زیراہتمام گندم کے کاشتکاروں کیلئے تین مراحل میں تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری

منگل 22 نومبر 2016 13:18

فیصل آباد۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء)محکمہ زراعت کے زیر اہتمام گندم کے کاشتکاروں کیلئے تین مراحل میں تربیتی پروگرامز کاسلسلہ بھرپورطریقے سے جاری ہے جس کے پہلے مرحلے میں گندم کی کاشت کا عمل مکمل ہونے تک بیجوں کے انتخاب اور زمین کی تیاری کے ضمن میں زمینداروں، کاشتکاروںکی مؤثر رہنمائی کی جارہی ہے تاکہ وہ معیاری بیجوں کااستعمال کرتے ہوئے زمین کی بہترین انداز میں تیاری سے شاندار فصل حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ دوسرے مرحلے میں کاشتکاروں کو گندم کی فصل کے کاشتی امور اور جڑی بوٹیوںکے خاتمہ کیلئے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اسی طرح تیسرے مرحلہ میں فصل کو کیمیائی کھادوںکی فراہمی اور زہریلی زرعی ادویات کے سپرے کے بارے میں کسانوں کو آگاہ کیاجائے گا۔ انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت کا عملہ گندم کی کاشت کے اہداف کی تکمیل کیلئے زمینداروں و کاشتکاروں کو مکمل رہنمائی فراہم کر رہاہے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل یاپریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن بھی صبح 8 سے رات 8 بجے تک مکمل آپریشنل ہے لہٰذا زمیندار و کاشتکار مزید معاونت کیلئے ہیلپ لائن سے بھی مفت رابطہ کرسکتے ہیں۔