لاہور ہائیکورٹ کے قیام کی 150 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ضلعی عدلیہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات اختتام پذیر

پیر 21 نومبر 2016 23:12

فیصل آباد ۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے قیام کی 150 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ضلعی عدلیہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات کے آخری روز مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے سیشن کورٹ کا دورہ کیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی نے طالب علموں کو عدالتی نظام و طریقہ کار کے بارے میں آگاہی دی اور کہا کہ انہیں سیشن کمپلیکس کا دورہ کرانا لاہور ہائیکورٹ کے قیام کی ڈیڑھ سو سالہ سالگرہ کی تقریبات کا حصہ ہے۔

انہوں نے طالب علموں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں جنہوں نے کل ججز اور وکیل بننا ہے لہٰذا عدالت عالیہ کی تاریخ اور ہر سطح پر انصاف کی فراہمی کیلئے عدلیہ کی خدمات سے آگہی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں انہیں سیشن کورٹ کا دورہ کرا کر قانون اور انصاف کی روشنی میں مقدمات کی پیروی و دیگر عدالتی امور سے آگاہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے جس سے مقدمات کی سماعت میں تیزی آئی ہے اور عوام کو انصاف کے حصول میں خاطر خواہ مدد مل رہی ہے۔قبل ازیں گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکینڈری سکول پیپلز کالونی نمبر1،جی ایم سی سکول اسلام نگر،گورنمنٹ مسلم ہائی سکول طارق آباد،ایم سی ہائر سکینڈری سکول علامہ اقبال روڈ،پنجاب پبلک ہائی سکول،دی ایجوکیٹرز،ڈویژنل پبلک سکول، فیصل آباد کیڈٹ سکول اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ارشد محمود اور رائے آفتاب احمد کی عدالتوں میں گئے اور وہاںکریمنل و دیگر کیسز کی سماعت کا مشاہدہ کرتے ہوئے ججز صاحبان سے کیسز کی تاریخ اور پیشرفت سے متعلق سوالات بھی کئے۔

دریں اثناء ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی نے منعقدہ تقریب میں طلباء و طالبات اور ان کے اساتذہ میں سرٹیفکیٹس اور تحائف تقسیم کئے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امجد نذیر چوہدری،سینئر سول جج افضل مجوکہ،سول جج ممتاز ہنجرا کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن سردار محمد ساجد بھی موجود تھے۔تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے سیشن کورٹ کے دورہ کو یادگار قرار دیا اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ کے قیام کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات میں سٹوڈنٹس کو بھی شامل کرنے کے اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :