ہم نے کوشش کی کہ نیب کے قانون کو مضبوط کیا جائے،موجودہ دور حکومت میں نیب کو اختیارات دئیے گئے ہیں،انتخابی اصلاحات کی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، حالات کے مطابق انتخابات کے قانون میں تبدیلیاں کی جانی چاہیں

ْ وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 22:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم نے کوشش کی کہ نیب کے قانون کو مضبوط کیا جائے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے موجودہ دور حکومت میں نیب کو اختیارات دئیے گئے ہیں، پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے اس لیے حالات کے مطابق انتخابات کے قانون میں تبدیلیاں کی جانی چاہیں، ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کی پیشہ وارانہ زندگی صرف قیاس آرائیوں پر ہی چلتی ہے اور بہت سے لوگ ٹاک شوز میں بغیر ٹکٹ کے مزے لیتے ہیں اور ان کی خواہشات تجزیوں اور تبصروں کی صورت میں سامنے آتی رہتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ عسکری اداروں میں تقرریوں کا معاملہ ایک حساس معاملہ ہے اس لیے میڈیا کو ان تقرریوں سے متعلق قیاس آرائیاں نہیں کرنی چاہئیں۔