چین کے نائب وزیر خارجہ کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ مذاکرات

پاکستان کی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کیلئے مسلسل حمایت کریں گے ، دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں، چینی نائب وزیر خارجہ کونگ ژوآن یو دونوں ممالک کا بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار ، خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری کے ساتھ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ،چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈرو، علاقائی اور عالمی ایشوز سمیت جامع دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا

پیر 21 نومبر 2016 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) چین کے نائب وزیر خارجہ کونگ ژوآن یو نے پاکستان کی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کیلئے چین کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس سلسلہ میں چین کی مکمل مدد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چین کے نائب وزیر خارجہ جو 2 روزہ دورہ پر پاکستان آئے ہیں، نے وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کی اور خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر نے چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ کونگ ژوآن یو نے چین کے اہم مفادات کے ایشوز پر پاکستان کی مسلسل اور ٹھوس حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

دوطرفہ ملاقات کے دوران چین کے نائب وزیر خارجہ اور خارجہ سیکرٹری نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈرو، علاقائی اور عالمی ایشوز سمیت جامع دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ پاکستان اور چین نے باہمی مفاد کیلئے تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ خارجہ سیکرٹری نے چینی نائب وزیر خارجہ کو افغانستان کی تازہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا اور مفاہمت اور بات چیت کے ذریعے افغانستان میں پائیدار امن کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستان اور چین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ بین الاقوامی برادری بالخصوص چار فریقی مشاورتی گروپ کے ذریعے افغانستان کے ساتھ کا تعمیری رابطہ رکھے۔ انہوں نے چینی نائب وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور توقع ظاہر کی کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمہ کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے گی۔

چینی نائب وزیر خارجہ نے انہیں خطہ میں امن و ترقی کیلئے چین کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک نے باہمی سٹرٹیجک پارٹنر شپ پر مسلسل اضافہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی بروقت تکمیل خطہ کی ترقی کیلئے دونوں ممالک کی قیادت کی مجموعی بصیرت کیلئے بڑی معاون ہو گی اور اس سے علاقائی روابط میں اضافہ ہو گا۔