جنرل راحیل شریف نے انتہائی صلاحیت اور شاندار طریقے سے پاک فوج کو کمانڈ کیا ہے

قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ کا بیان

پیر 21 نومبر 2016 22:46

ْاسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے انتہائی صلاحیت اور شاندار طریقے سے پاک فوج کو کمانڈ کیا ہے اور وہ ان چند سپہ سالاروں میں سے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کیلئے ایک عالی ہمت، بلند نظر اور ولولہ انگیز سپہ سالار کے طور خدمات سر انجام دیں مگر وہ اپنی ذاتی حیثیت میں کبھی بھی کسی رعایت کے خواہاں نہیں رہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی یہی خوبیاں دیکھتے ہوئے میں نے ہمیشہ کہا کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے اور اپنے وقت پر ریٹائر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں۔