بھکر،تنظیم اساتذہ کے زیر اہتمام سالانہ اجلاس

صدارت پروفیسر ملک محمد یوسف چھینہ نے کی ،تنظیم اساتذہ کے ارکان کی شرکت

پیر 21 نومبر 2016 22:20

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء)تنظیم اساتذہ ضلع بھکر کے زیر اہتمام سالانہ اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع بھکر کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ پنجاب کے نمائندہ خصوصی سابق نائب صدر صوبہ پروفیسر ملک محمد یوسف چھینہ نے کی۔ اجلاس میں سابقہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر یوسف چھینہ نے کہ تنظیم اساتذہ ، اساتذہ کی ایسی تنظیم ہے جس میں۔ پرائمر ی سکول سے لے کر یونیورسٹی تک کے اساتذہ شامل ہو سکتے ہیں ۔ رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے اساتذہ بھی اس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوںکے محافظ ہیں۔ اللہ نے انہیںجن صلاحیتوں سے نوازا ہے اس کے بارے میں وہ اللہ کے حضور جواب دہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش میں تبدیل کرنے میں جہاں ہندو عسکری تنظیم مکتی باہنی کا کردار ہے وہاں مشرقی پاکستان میں کام کرنے والے ہندو استاد کی نظریاتی تربیت نے دونوں صوبوں کے درمیان منافرت پھیلانے کا گھنائونا کردار ادا کیا۔انہوںنے اس توقع کا اظہار کیا کہ تنظیم اساتذہ کی نو منتخب قیادت اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اساتذہ کے سلگتے مسائل کے حل کرنے کے لیے کوشاں رہے گی۔

استاد اس معاشرے کا ایک معزز فرد ہے۔ اس کو بہترین سہولتوں سے نواز کر ہی اس کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ تنظیم اساتذہ کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ اجلاس میں نئے تنظیمی سال کے لیے ارکان سے خفیہ رائے دہی کے ذریعے ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا۔ ملک منیر احمد اولکھ ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول بہل کو صدر، حافظ مدثر المصباح سائنس ٹیچر گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول بھکر کو سیکرٹری منتخب کیا گیا۔

باقی تنظیمی ڈھانچہ میں پروفیسر امان اللہ کلیم نائب صدر، تنویر احمد اعوان جوائنٹ سیکرٹری ، خالد عمران نیازی سیکرٹری نشرواشاعت، ماسٹر طیب سیکرٹری مالیات اور اقبال اختر ڈی ٹی ای کو شعبہ تعلیم متاثرین ، زاہد خان الفاضلی کو شعبہ تعلیمی تحقیق اور پروفیسر امان اللہ کلیم کو خصوصی ذمہ داری شعبہ بہبود اساتذہ پر معمور کیا گیا۔ تحصیل سطح پر ممتاز ماہر تعلیم اور سینئر راہنما پروفیسر محمد اسلم چپ کو تحصیل بھکر، انعام الحق فاروقی ڈی ٹی ای کو تحصیل منکیرہ اور شاہ نواز خان آف روڈی کو تحصیل کلورکوٹ کا صدر منتخب کیا گیا۔

پروفیسر ملک محمد یوسف چھینہ نے تمام موجود ذمہ داران سے اُن کی نئی ذمہ داریوں کا حلف لیا۔نو منتخب صدر ضلع ملک منیر احمد اولکھ نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تمام تنظیمی رفقا اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے نئے عزم کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ وہ میرے دست و بازو ہیں ۔ہم اساتذہ میں رہتے ہیں اور ہمیں اساتذہ کے مسائل کا صحیح ادراک ہونا چاہیے۔ ہم ہر سطح پر اساتذہ کے مفاد کے لیے آواز اُ ٹھائیں گے۔ بزرگ استاد ملک امیر احمد اولکھ نے اختتامی دعا کرائی۔