سینٹ ، اسلامی نظریاتی کونسل میں خواتین کو متناسب نمائندگی،اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں موسمیاتی تبدیلی کا مضمون اور احتسا بی قوانین میں تبدیلی کی قرار داد یں بھاری اکثریت سے منظور

پیر 21 نومبر 2016 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء) سینٹ میں اسلامی نظریاتی کونسل میں خواتین کو متناسب نمائندگی دینے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں موسمیاتی تبدیلی کا مضمون شامل کرنے اور احتساب کے قوانین میں تبدیلی کی قرار دادوں کو بھاری اکثریت سے منظور کر لیاگیا۔

(جاری ہے)

سوموار کے روز سینٹ اجلاس کے دوران سینیٹر سحر کامران نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل میں خواتین کو پاکستان میں ان کی آبادی کے مطابق نمائندگی دی جائے انہوںنے کہاکہ اس وقت اسلامی نظریاتی کونسل میں صرف ایک خاتون ممبر ہیں جس کی وجہ سے خواتین کے بارے میں متنازعہ قوانین منظور کئے جاتے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ کونسل میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ کیا جائے سینیٹر ثمینہ عابد نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں جماعت اول سے میٹرک تک کے نصاب میں موسمیاتی تبدیلی کے مضمون کو شامل کیا جائے سینیٹر اعظم خان سواتی نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ حکومت قومی احتساب کے قوانین میں تبدیلی لائے تاکہ بے نامی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوںاور کمپنیوں کو دریافت کرتے اور ان لوگوں کیلئے جوان کی نشاندھی کریں کیلئے پرکشش انعام یا ان کیلئے رقم کا کوئی فیصد اعلان کرے جو نیب ایسی جائیدادوں یا کمپنیوں کی تفصیلات کے بارے میں اطلاع دیں اور مخبر کے نام صیغہ راز میں رکھیں جائیں جس پر وزیر قانون نے کہاکہ حکومت نے پہلے ہی ایسی سفارشات تیار کی ہیں جو کہ متعلقہ کمیٹیوں کے پاس ہیں ایوان بالا نے تمام قراردادیں کثرت رائے سے منظور کر لیں ۔

۔۔۔اعجاز خان