سندھ کی مختلف درگاہوں کے گدی نشینوں کا سید سمن سرکار کے عرس اور میلے میں ہونے والی پولیس گردی پر شدید رد عمل کا اظہار

پیر 21 نومبر 2016 21:43

پنگریو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) سندھ کی مختلف درگاہوں کے گدی نشینوں نے سید سمن سرکار کے عرس اور میلے میں ہونے والی پولیس گردی پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور اس واقع کی شفاف انکوائری کرا کر ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ان گدی نشینوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر درگاہ سید سمن سرکار کا تقدس پامال کر نے والے پولیس افسران کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو سندھ بھر کی درگاہوں کے گدی نشین مشترکہ لائحہ عمل بنا کر ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اس ضمن میں درگاہ اولیاء خان شاہ، درگاہ پیر سخی عثمان شاہ، درگاہ پیر قائم محمد شاہ،درگاہ میاں علی شاہ، درگاہ راضی شاہ ، میوں وسند شاہ ، درگاہ مہا ولی اور دیگر درگاہوں کے گدی نشینوں نے درگاہ سید سمن سرکار پر پہنچ کر درگاہ سید سمن سرکار کے گدی نشین سید علی بخش شاہ سے ملاقات کی اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا ان گدی نشینوں نے کہا کہ درگاہ سید سمن سرکار پر ہونے والا پولیس گردی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے ایسے واقعات نا قابل برداشت ہیں انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ سندھ کی درگاہوں سے وابستہ عقیدت مند، مرید، اور زائرین ہمیشہ پر امن رہے ہیں اور انہوں نے کبھی بھی قانون شکنی نہیں کی ان درگاہوں سے لوگ روحانی فیض حاصل کرتے ہیں جبکہ ان درگاہوں پر ہونے والے میلوں سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے یہ میلے ایسے علاقوں میں جہاں پر تفریح کے مواقع نہیں ہیں بہترین تفریح کا ذریعہ ہیں ان بزرگان دین نے انسانیت کی خدمت کر نے کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی ترویج اور ترقی میں بھی اہم کر دار ادا کیا ہے ایسے اولیاء کرام کی درگاہوں پر پولیس گردی کے واقعات انتہائی قابل تشویش ہیں ان گدی نشینوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ درگاہ سید سمن سرکار پرپولیس گردی کا نوٹس لیا جائے اور درگاہ کا تقدس پامال کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ان گدی نشینوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر اس سنگین معاملے کا نوٹس نہ لیا گیا سندھ بھر کی درگاہوں سے وابستہ گدی نشین، سجادہ نشین، مرید اور عقیدت مند زبردست احتجاجی تحریک چلائیں گے اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :