خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی

پیر 21 نومبر 2016 21:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی نے کہا ہے کہ صوبہ میں خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور خواتین کو صوبہ کے تفریحی مقامات کی سیر و تفریح کرانے سمیت دیگر سیاحتی سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواکے تعاون اور پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام خواتین کیلئے پشاور سے اٹک خورد تک منعقدہ سفاری ٹرین کے سفر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام خواتین کو تفریحی سیاحت فراہم کرنے کیلئے پشاور سے اٹک خورد ٹرین سفر کا انعقاد کیا گیا۔

ٹرین صبح 9بجے صدر ریلوے سٹیشن پشاور سے روانہ ہوئی اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی کے علاوہ انٹرنیشنل ویمن کلب کی صدر محترمہ شاہینہ عثمان، اکنامک ڈیویلپمنٹ زون کی مریم سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام ٹرین کے اس سفر کو جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس میں اگلے ماہ دوسری ٹرین بھی چلائی جائے گی، سفاری ٹرین کے اس سفرمیں اٹک خورد کے مقام پر اونٹ کی سواری، پتنگ بازی ، فوک موسیقی، رسہ کشی ، آرچری کے مقابلے اور دریائے کابل کے ساحل کی سیر کرائی گئی ، اس موقع پر آئی ہوئی فیمیلز نے محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبہ میں سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور پروگراموں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے بین الاقوامی سیاح اور فیمیلزایک بار پھر صوبہ کے حسین سیاحتی مقامات کا رخ کرینگی۔

(جاری ہے)

ممبر صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی کا مزید کہنا تھا کہ خواتین اور فیمیلز کیلئے اٹک خورد کے مقام پر رسہ کشی، آرچری ، اونٹ کی سواری اور ٹرین سفر کا انعقاد ان کو تفریح فراہم کرنا ہے خواتین کیلئے پہلے بھی ایسے پروگرام تشکیل دیئے جس میں ہنر حوا، ہنر میلہ اور دیگر شامل ہیں تاہم صوبہ کی پہلی خاتون بے نظیر نے پیراگلائیڈنگ کی ،ٹرین میں دوران سفر خصوصی طور پرفیمیلیزکوسفر کی تاریخی اہمیت ، ریلوے لائن کی دونوں جانب رہائش پذیر علاقوں اور سیاحت سے متعلق صوبہ میں سیاحت کیلئے فروغ کیلئے کئے جانے والے محکمہ سیاحت کے اقدامات اور پروگراموں پر تفصیلی معلومات دی گئیں۔

سفاری ٹرین میں آئی ہوئی فیمیلز کا کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت ، پاک ریلوے کی جانب سے اس قسم کے پروگرامز کے انعقاد سے فیمیلز کو تفریح کے مواقع میسر ہونگے اور خاص کر پشاور کی فیمیلز کو گھروں سے نکلنا اور صوبہ کے مختلف حسین مقامات کو دینے اور جاننے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ عنوان :