جماعت اسلامی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، ملک میں بڑی تبدیلی لانے کیلئے نوجوانوں کو اپنا بھرپورکردار اداکرنے کیلئے منظم کریں گے ،ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے ،ہمارے بچے دنیا بھر میں تعلیمی ریکارڈ قائم کررہے ہیں یورپ و ایشیا کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں کی پیشانیوں پر پاکستانی نوجوانوں کے نام جگمگا رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان کی جے آئی یوتھ کے وفد سے گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 21:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ملک میں بڑی تبدیلی لانے کے لیے نوجوانوں کو اپنا بھرپورکردار اداکرنے کے لیے منظم کریں گے۔جوان منظم ومتحرک ہوجائیں توملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔ہمارے بچے دنیا بھر میں تعلیمی ریکارڈ قائم کررہے ہیں یورپ و ایشیا کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں کی پیشانیوں پر پاکستانی نوجوانوں کے نام جگمگا رہے ہیں۔قوم کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے ،معاشرے میں نوجوانوں کی 65فیصد تعداد ہے ،نوجوان کسی بھی تحریک کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور جس تحریک میں نوجوان شامل ہوجائیں اسے کوئی طاقت کامیابی سے نہیں روک سکتی۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کو منظم کر کے ملک کواسلامی پاکستان خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ وہ المرکز الاسلامی میں جے آئی یوتھ کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال بھی اس موقع پر موجو د تھے۔صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہاکہ ملک میں پھیلی غربت ،جہالت ،بدامنی مہنگائی اور بے روز گاری کا اصل سبب کرپشن ہے۔حکومتی کرپشن کے ہاتھوں غریب عوام کے چولہے بجھ رہے ہیں ،لیکن حکمرانوں کے پاس عوام کے مسائل کے حل کا کوئی وڑن ہے نہ صلاحیت۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمران باہم دست گریبان ہوکر اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن حکمران محاذ آرائی کا ڈراما کرکے اب عوام کو فریب نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کرنے والا ایک ہی ٹولہ ہے جو پارٹیاں اور چہرے بدلتے ہیں مگر اپنی لوٹ کھسوٹ کو چھوڑ نے کیلئے تیار نہیں۔حکمران آدھا ملک گنوا چکے ہیں اور جو آدھا باقی ہے اسے بھی برادری ازم ،لسانیت اور علاقائی تعصبات کی نظر کرنا چاہتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ نوجوان کمر ہمت باندھیں اور سماج میں ناانصافی ،ظلم اور کرپشن کے خاتمہ کے لیے جدوجہد کریں،نوجوان نسل ہی پاکستان کے مستقبل کی محافظ اور پاسدار ہے۔انشااللہ پاکستان تاقیامت قائم رہے گا اور پاکستان کے وجود ،یکجہتی اور ترقی کے دشمن ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ عناصر اپنے اعمال اور بدنیتی سے پاکستان دشمنوں کا راستہ ہموار کرتے ہیں۔