خیبر پختونخوا حکومت نے کیٹگری ڈی ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ’’مینمم ہیلتھ ڈیلیوری پیکج‘‘ کی منظوری دیدی

پیکج سے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات اور خدمات کے کم سے کم حد کا تعین کیا جا سکے

پیر 21 نومبر 2016 21:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے ثانوی درجے کے سرکاری ہسپتالوں بشمول ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تحصیل ہیڈ کوارٹر اور کیٹگری ڈی ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بنیادی سہولیات اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ’’مینمم ہیلتھ ڈیلیوری پیکج‘‘ کے نام سے ایک پیکج کی منظوری دے دی ہے جسے ان سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات اور خدمات کے کم سے کم حد کا تعین کیا جا سکے جس کے نتیجے میں لوگوں کواپنے علاقے کے ہسپتالوں میں دستیاب علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں آگہی حاصل ہوگی جبکہ ہسپتال مذکورہ پیکج میں دی گئی خدمات اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے پابند ہوں گے۔

محکمہ صحت نے ہسپتالوں میں اس پیکج پر عملدرآمد کو ممکن بنانے کے لئے درکاری انسانی وسائل اور ادویات پر آنے والے اخراجات کا تعین اور اس سلسلے میں بجٹ سازی پر کام شروع کر دیا ہے جو ایک مہینے کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق صوبے کے ثانوی درجے کے سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے بارے میں عوام کی آگہی کے لئے ان ہسپتالوں میں معلوماتی چارٹ آویزاں کئے جائیں گے۔

اس پیکج پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عوام تک پہنچانے کے لئے محکمہ صحت نی2700ڈاکٹرز110پیرا میڈکس اور300نرسز بھرتی کی ہیں۔اس پیکج پر عملدرآمد سے لوگوں کو ان کے اپنے علاقوں میں علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ حکومتی وسائل کے بہتر اور موثر استعمال میں بھی مدد مل سکے گی۔

متعلقہ عنوان :