دو کے سوا تمام ایجنسیوں میں متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کا عمل مکمل ہو چکا ہے‘ وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ

پیر 21 نومبر 2016 21:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ دو کے سوا تمام ایجنسیوں میں متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کا عمل مکمل ہوچکا ہے‘ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں یہ عمل جاری ہے‘ رواں سال کے آخر تک تمام متاثرین کو دوبارہ آباد کردیا جائے گا‘ فوج کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے۔

پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر کلثوم پروین کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ فاٹا متاثرین کے عوام اتنے خراب نہیں ہیں جتنے بتائے گئے‘ سات ایجنسیوں میں سے دو ایجنسیوں شمالی و جنوبی وزیرستان میں طالبان نے تباہی کی تھی۔

(جاری ہے)

کرم ایجنسی پر طالبان کا کوئی عمل دخل نہیں تھا‘ باجوڑ‘ مہمند میں بھی نہیں تھا۔

حکومت نے سو ارب روپے فاٹا متاثرین کی بحالی و آباد کاری کیلئے مختص کئے۔ آپریشن ضرب عضب کے بعد اب طالبان پکڑے گئے یا مارے گئے۔ فاٹا اب کلیئر اور صاف ہے۔ وہاں بنیادی سہولیات بحال کی جارہی ہیں۔ پانی کی سہولت‘ صحت اور تعلیمی سہولیات کو بحال کرنے کے بعد متاثرین کو بھیجا جاتا ہے۔ باجوڑ‘ مہمند‘ خیبر‘ اورکزئی ایجنسیوں کے لوگ مکمل طور پر واپس جاچکے ہیں،کرم کے لوگ بھی واپس جاچکے ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں بھی لوگ واپس جارہے ہیں۔ شمالی وزیرستان کے لوگ سال کے آخر تک واپس چلے جائیں گے، فوج کے کامیاب پراجیکٹس کو سراہا جارہا ہے۔ فوج کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے وہ جانیں دے کر اپنا کام کر رہی ہے۔ فاٹا ریفارمز کے حوالے سے ایوان میں تفصیلی اظہار خیال کروں گا۔ فاٹا کو خیبر پختونخوا اور باقی پاکستان کے برابر لانا چاہتے ہیں۔

قبل ازیں سینیٹر کلثوم پروین نے تحریک پیش کی کہ ایوان فاٹا میں بے گھر کئے گئے افراد کی بحالی کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو زیر بحث لائے۔ تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرین ابھی تک رشتہ داروں کے گھروں میں ہیں یا خیموں میں کیونکہ وہ خوف کا شکار ہیں۔ فاٹا کا کلچر اور انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔ متاثرین کی فوری آبادکاری کی جائے۔ سکول و کالج کو ترجیحاً مکمل کیا جائے۔ حکومت نرم شرائط پر قرضے دے۔ سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ فاٹا کے متاثرین کیلئے بہت کوششیں ہو رہی ہیں، فوج بھی بہت کوششیں کر رہی ہے۔ سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی آواز بلند کرنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :