ْاگر ملک میں آمریت کی راہ ہموار کی گئی تو میں سب سے پہلے سڑکوں پر نکلوں گی،عاصمہ جہانگیر

پیر 21 نومبر 2016 21:29

بوریوالا۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر ،چیئر پرسن ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ اگر ملک میں آمریت کی راہ ہموار کی گئی تو میں سب سے پہلے سڑکوں پر نکلوں گی، صحافیوں کی آزادی کے لئے وکلاء نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہمارا مقصد اداروں کی مضبوطی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بار روم میں وکلاء کے حقوق اور موئثر نظام عدل کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدارت صدر بار محمد جاوید شاہین ایڈوکیٹ نے کی جبکہ سیمینار سے سابق صدر ہائی کورٹ بار پیر محمد مسعود چشتی ،صدر بار محمد جاوید شاہین، نائب صدر رانا نصر اللہ‘ جنرل سیکرٹری چوہدری نوید احمد چیمہ اور چوہدری فیاض عظیم نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ وکلاء نے ایک جدوجہد کے نتیجہ میں لاٹھیاں کھائیں‘ جیلیں کاٹیں اور ملک میں آئین کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے کوششیں کیں،عدلیہ کی عزت بار ایسوسی ایشن کے وجود سے ہی ہے ،آج جب وکلاء کسی کو مارتے ہوئے نظر آتے ہیں تو مجھے شرمندگی ہوتی ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر لاہور ہائی کورٹ پیر محمد مسعود چشتی نے کہا کے بورے والہ میرا گھر ہے اور اس شہر نے تعلیم کے شعبہ میں ہمیشہ نمایاں پوزیشنیں لی ہیں، بورے والہ کے وکلاء نے ہمیشہ مظلوم طبقہ کی جنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔