خیبرپختونخواکے جنوبی اضلاع میںگیس کی فراہمی کے منصوبے کوعملی شکل دینے کیلئے معاہدہ طے پاگیا

پیر 21 نومبر 2016 20:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء)خیبرپختونخواکے جنوبی اضلاع میںگیس کی فراہمی کے منصوبے کوعملی شکل دینے کے لئے معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں اگلے ماہ مذکورہ منصوبے کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ارکین صوبائی اسمبلی مفتی سید جانان اور شاہ فیصل کی سربراہی میں ہنگواورکوہاٹ کے عمائدین کے ایک وفد نے سیکرٹری توانائی وبرقیات انجینئرنعیم خان کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدکیا اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری توانائی غضنفرعلی ،کمشنرکوہاٹ ڈویڑن مسرت خان اور چیف پلاننگ آفیسرذین اللہ شاہ کے علاوہ کے پی او جی سی ایل کے نمائندوں میجر(ر) اسلم خان خٹک اوراویس علی نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے جنوبی اضلاع میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع ہنگومیں تیل کے پیداواری ذخائرکی5کلومیٹرنصف قطر(Radias)میں موجوددیہاتوں کو گیس فراہم کی جائے گی اور یہ منصوبہ آئندہ ماہ 30دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گیس کی فراہمی کے منصوبے پر 480ملین روپے لاگت آئے گی اوراس کی ادائیگی صوبائی حکومت کرے گی۔ اجلاس میں محکمہ توانائی سے وابستہ افسران پر زور دیا گیا کہ منصوبے پر عملی کام کے لئے گیس حکام کی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جاسکے۔