خزانہ کی ذیلی کمیٹی نے پراپرٹی کے شعبے کیلئے ایمنسٹی اسکیم کو حتمی شکل دیدی ، اصل قیمت پر 3 سے 5 فیصد ٹیکس ادا کر کے قانونی بنانے کی تجویز

جائیداد کی قیمتوں سے متعلق بل رواں ہفتے پاس کر لیا جائے گا،چیئرمین کمیٹی

پیر 21 نومبر 2016 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ذیلی کمیٹی نے پراپرٹی کے شعبے لیئے ایمنسٹی اسکیم کو حتمی شکل دیدی ،پراپرٹی کی اصل قیمت پر تین سے پانچ فیصد ٹیکس ادا کر کے قانونی بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا، چیئرمین کمیٹی میاں عبدالمنان نے کہاکہ جائیداد کی قیمتوں سے متعلق بل رواں ہفتے پاس کر لیا جائے گا۔

پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس میاں عبد المنان کی صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چئرمین ایف بی آر نثار خان سمیت ایف بی آر حکام اور رئیل سٹیٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ممبر ایف بی آر ڈاکٹر محمد اقبال نے کہاکہ بیرون ممالک سے رئیل سٹیٹ میں آنے والی سرمایہ کاری کو ایمنسٹی کی ضرورت نہیں۔بیرون ممالک سے رئیل سٹیٹ میں کی جانیوالی سرمایہ کاری کے بارے میں نہیں پوچھا جاتا ۔

بلڈرز کی تنظیم آباد کے نمائندوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ مختلف شہروں میں پراپرٹی کی قیمتوں کا ازسر نوتعین جلد بازی میں کیا گیا۔ایف بی آر اور ڈی سی ویلیو ایک ہونی چاہئے۔ایف بی آر حکام نے کہا کہ اگر کوئی زمین کی درست ویلیو ظاہر کرے تو اسے صوبوں سے بھی ریلیف ملنا چاہے۔ ( و خ )