بٹگرام کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن حکومتی رٹ قائم کرنے میں ناکام رہی

پیر 21 نومبر 2016 20:45

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) بٹگرام کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن حکومتی رٹ قائم کرنے میں ناکام رہی، پل بازار میں سڑک پر ایک بار پھر ریڑھی بانوں اور سبزی فروشوں کا قبضہ ہے، نندھیاڑ خوڑ میں گندگی پھینکنے کا سلسلہ جاری ہے،خوڑ میں گندگی ڈالنے سے صاف و شفاف پانی آلودہ ہونے کے باعث ضلع بھر میں مختلف امراض پھیلنے کا خدشہ ہے، مقامی افراد نے وزیراعلی خیبرپختونخوا، کمشنر ہزارہ اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بٹگرام شہر کے پل بازار میں ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ ماہ کارروائی کرتے ہوئے قدیمی سڑک پر قائم مرغیوں کے کیبن مسمار کئے تھے اور سڑک کو عام آمدورفت کیلئے بحال کر دیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ کی کمزور انتظامی گرفت کے باعث ایک بار پھر مختلف اشیاء مرغی، سبزی اور اوجھڑی فروخت کرنے والے افراد نے پرانی سڑک کے اوپر ڈھیرے جما لئے ہیں، دوسری جانب بٹگرام شہر کے پرانے پل پر سبزی فروشوں نے چادریں بچھا کر سبزیوں کے ڈھیر لگاتے ہوئے پل کو اپنی ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے جس کے باعث پل سے سنگل آدمی بھی نہیں گذر سکتا ہے، پل پر آمدورفت زیادہ اور راستہ نہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی وقت حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ممتاز عالم دین مولانا سمیع الحق قاسمی سمیت دیگر عوامی و سماجی حلقوں نے پرانی سڑک اور پل پر ناجائز طریقہ سے قبضہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ، کمشنر ہزارہ اور ڈی سی بٹگرام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مذکورہ تجاوزات کا نوٹس لیکر عوام دوست حکومت ہونے کا ثبوت پیش کریں۔