سرگودھا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا 38 سول ججوں کے ترقی سے منسلک کورس کروانے کی منظوری

پیر 21 نومبر 2016 20:24

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے صوبہ بھر کے 38 سول ججوں کے ترقی سے منسلک کورس کروانے کی منظوری دے دی ہے، 24 نومبر سے جوڈیشل اکیڈیمی میں یہ کورس شروع ہو رہا ہے، جس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے 38 سول ججوں کو جوڈیشل اکیڈیمی میں خصوصی کورس کروانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں جن 38 سول ججوں کو اس کورس میں شامل کیا گیا ہے انہیں 24 نومبر کو جوڈیشل اکیڈیمی لاہور جوائن کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں، یہ کورس کرنے کے بعد ہی سول جج اپنے اگلے عہدوں پر ترقی حاصل کر سکیں گے، جس کی باقاعدہ منظوری چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے دے دی ہے، جس کے لئے تمام انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔