ڈسٹرکٹ نوشکی میں مسائل زیادہ ہونے کے باوجود ڈسٹرکٹ کونسل اپنے محدود وسائل کے اندر حل کررہی ہے، سردارزادہ خلیل حسنی

پیر 21 نومبر 2016 20:03

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء)نوشکی ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین سردارزادہ خلیل حسنی نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ نوشکی میں مسائل زیادہ ہونے کے باوجود ڈسٹرکٹ کونسل اپنے محدود وسائل کے اندر حل کررہی ہے، مسائل زیادہ اوروسائل کم ہونے کی وجہ سے عوامی نمائندوں کو سخت مشکلات اور مصائب کا سامنا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے کلی اعظم احمدوال میں اپنے فنڈز سے بجلی ٹرنسفارمر اور کھمبوں کے افتتاح کے موقع پر قبائلی عمائدین سے اپنے خطاب کے دوران کہی انھوں نے کہااحمدوال سمیت ضلع نوشکی کے تمام یونین کونسلوں میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں، لوکل گورنمنٹ کی جانب سے اختیارات اور فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے لوکل عوامی نمائندوں کو سخت مشکلات ہورہی ہے، بلوچستان بھر کے لوکل عوامی نمائندے اختیارات اورفنڈز نہ ملنے کے خلاف برسراحتجاج ہے، انھوں نے کہاکہ ہم اپنے قلیل اور معقول فنڈز سے ترقیاتی کام کررہے ہیں، جو کہ عوام کے سامنے ہیں، اسی طرح ڈسٹرکٹ کونسل پوری نوشکی میں مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات پر توجہ دے رہی ہے،آخر میں انھوں نے اعلٰی حکام سے پرزور اپیل کی کہ وہ لوکل گورنمنٹ کو فعال بناکر اختیارات کی نچلی سطح پرمنتقل کراکر انتظامی اختیارات اور فنڈز دئیے جائیں، تاکہ لوکل عوامی نمائندے بہتر انداز میں اپنے اپنے حلقوں میں کام کرسکیں