چمن ،دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک شخص جاںبحق ،2سیکورٹی اہلکاروں سمیت 3 زخمی

وزیراعلیٰ بلوچستان کی دھماکے کی مذمت، متعلقہ حکام کو سیکورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت

پیر 21 نومبر 2016 19:48

چمن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک شخص جاںبحق جبکہ دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ،سیکورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تفتیش شروع کردی ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سیکورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ۔

اطلاعات کے مطابق پیر کے روز بلوچستان کے سرحدی شہر چمن کے علاقے بوغرہ روڈ کے قریب سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک شخص جاںبحق جبکہ 2سیکورٹی اہلکاروں سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ہیں ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کرکے لاش اور زخمیوں کو فوری طورپر سول ہسپتال چمن منتقل کردیا جہاں سے لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردی جبکہ بوغرہ روڈکو ہر قسم کی آمدورفت کے لئے بند کردیا ہے۔

(جاری ہے)

دریںاثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے چمن میں ہونیوالے دھماکے کی مذمت کرتے ہوء دھماکے میں جانی نقصان پر افسوس کااظہار کیاہے ،انہوں نے متعلقہ حکام کو سیکورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :