․پیپلز پارٹی سندھ کامخدوم امین فہیم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے سمیت 4دسمبر کو سندھ کا ثقافتی دن بھرپور نمونے منانے کا فیصلہ

مخدو م امین فہیم کی جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد ،خدمات قابل فخر ہیں،ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ

پیر 21 نومبر 2016 19:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے پارٹی کے مرکزی رہنمامخدوم امین فہیم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے سمیت 4دسمبر کو سندھ کا ثقافتی دن بھرپور نمونے منانے کا فیصلہ کیاہے ۔پیپلز پارٹی سندھ نے کہا ہے کہ سندھ دھرتی اور سندھ کی ثقافت پر تنقید کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اورثقافت پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں پیپلز پارٹی سندھ کے عہدیداروں و کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اراکین کا اجلاس پیر کو انکے دفتر میں ہوا ۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی ،سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین نفیسہ شاہ ،راشد ربانی،مولا بخش چانڈیو اورنجمی عالم نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنمامخدوم امین فہیم کی پہلی برسی کے موقع پر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ مخدو م امین فہیم آمریت کے دور میں بھی پارٹی کے ساتھ وفادار رہے اور جمہوریت کی بحالی کے لیئے ان کی جدوجہد اور خدمات قابل فخر ہے اور ان کی خدمات اور جدوجہدکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 4دسمبر کو سندھ کی ثقافت کا دن بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور پارٹی رہنمائوں وکارکنان کو یہ ہدایات کی گئی کہ وہ ثقافتی دن پر تقریبات میںشرکت کریں ،اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سندھ کی دھرتی اور سندھ کی ثقافت پر کسی قسم کی تنقید کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اور سندھ کی ثقافت پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔

اجلاس میں 30نومبر کو لاہور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے انتظامات کے حوالے سے صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی کی سربراہی میں آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ یوم تاسیس کے متعلق انتظامات کرے گی۔اجلاس میں پارٹی کے نئے صوبائی عہدیدارمقرر کرنے اور اعتماد کرنے پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :