ڈیفنس ایکسپورٹ پرمووشن آگنائزیشن کے زیر اہتمام بین الاقوامی دفاعی نمائش’’آئیڈیاز 2016 ‘‘ کا آغاز (آج) ہوگا

پیر 21 نومبر 2016 19:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) وزارت دفاعی پیداوار کے ذیلی ادارے ڈیفنس ایکسپورٹ پرمووشن آگنائزیشن(ڈی ای پی او)کے زیر اہتمام بین الاقوامی دفاعی نمائش ’’آئیڈیاز ‘‘2016 کا آغاز (آج) منگل کو کراچی ایکسپوسینٹر میں ہوگا۔حکام کے مطابق روس اور ترکی سمیت دنیابھر سے 43 ممالک کے وفود اور 418 ادارے دفاعی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔

پاکستا ن اس دفعہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 میں اپنی نئی مصنوعات متعارف کرائے گا،نمائش 22 نومبر سے 25 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔پاکستانی نئی دفاعی مصنوعات میں ہیوی مشین گن، اسنائپر رائفل ، بغیر پائلٹ کے جاسو س طیارے ڈرونز، ملٹری بکتر بند ،بکتر شکن فولادی گاڑیاں اور دیگر مصنوعات شامل ہیں ،نمائش میں 43 ممالک کے 90وفود شرکت کریںگے جبکہ 34 ممالک کی 418فرمز اپنی دفاعی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔

(جاری ہے)

نمائش میں 261 غیر ملکی اور 157 پاکستانی اداریدفاعی مصنوعات رکھیں گے، اس مرتبہ9 نئے ممالک کررہے ہیں جبکہ ترکی اور روس کی زیادہ کمپنیزدفاعی نمائش میں شرکت کررہی ہیں،اس سال 14 دفاعی خریداری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ ادارے کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن نے بتایا کہ اس نمائش کے ذریعے پاکستان اپنی دفاعی ٹیکنالوجی کے ساتھ یہ باور کرائے گا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے، پاکستان اس نمائش میں ضرب عضب میں اپنے تجربات،کامیابیوں اورتر بیتی شعبے کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرے گا۔نمائش میں الخالد ٹینک، جے ایف تھنڈر، کے ایٹ ایئرکرافٹ ، فاسٹ اٹیک کرافٹ مزائل بوٹس بھی رکھی جارہی ہیںجبکہ نمائش کے لئے دو ہالز کا اضافہ کیا گیا ہے۔