قومی اسمبلی نے پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی بل 2016ء کی منظوری دیدی

پیر 21 نومبر 2016 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) قومی اسمبلی نے پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی بل 2016ء کی منظوری دیدی۔پیر کو وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی بل 2016ء کو فی الفور زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔ سید نوید قمر نے کہا کہ بل کو بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ ترامیم دوسرے بل میں ہیں۔

جب اس کی باری آئے گی تو جائزہ لے لیں گے۔

(جاری ہے)

ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد ڈپٹی سپیکر نے بل کی شقوں کی ایوان سے منظوری حاصل کرنا شروع کی تو سید نوید قمر نے کہا کہ قانون سازی کے دوران ایوان میں کورم پورا ہونا چاہیے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد ارکان کو بلا رہے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے بل کی بقیہ شقوں کی یکے بعد دیگرے منظوری حاصل کی۔ بل میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کی طرف سے پیش کردہ ترمیم بل میں شامل کرلی گئی۔ وزیر قانون زاہد حامد نے بل ایوان میں منظوری کے لئے پیش کیا جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔