ڈی سی او عمارہ خان نے ڈی پی ایس سکول میں نو تعمیر شدہ آڈیٹوریم کا افتتاح کر دیا

حکومت تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘عمارہ خان

پیر 21 نومبر 2016 19:06

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ سے بچوں کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے ‘اساتذہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کریں ‘حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز ڈی پی ایس سکول اینڈ بلھے شاہ ڈگری کالج میں نو تعمیر شدہ آڈیٹوریم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پرپرنسپل ڈی پی ایس سکول کرنل (ر) محمد عدیل ، ایڈمنسٹریٹر ڈی پی ایس محمد جہانگیر چوپڑا اور اساتذہ بھی موجود تھے ۔ڈی سی او قصور عمارہ خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بہترین تعلیمی سہولیات کیساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تا کہ طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع میسر آسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایک خطیر رقم سے ڈی پی ایس سکول میں نیا آڈیٹوریم تعمیر کیا گیا ہے جس میں 500افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جو نہ صرف سکول کے مختلف پروگراموں کیلئے استعمال ہوگا بلکہ ضلع بھرکے دیگر ادارے بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے ۔ بعدازاں ڈی سی او قصور نے نو تعمیر شدہ ہال کا معائنہ بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :